Jamaat-e-Islami Pakistan |

اہم خبریں

قرنطینہ سینٹرز میں لوگوں کے ساتھ بدترین سلوک کیا جارہا ہے، ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد



5 مئی 2020ء
لاہور( ) سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کورونا مریضوں کے لیے بننے والے قرنطینہ سینٹرز میں لوگوں کے ساتھ بدترین سلوک کیا جارہا ہے۔ شہر لاہور میں قائم ایکسپو قرنطینہ سینٹر میں 400 سے زائد مریض سہولیات کی عدم فراہمی اور ناقص انتظامات پر سراپا احتجاج ہیں۔ لوگوں کے ساتھ قرنطینہ سینٹرز میں ہونے والی بدسلوکی کی وجہ سے لوگ کورونا کی تشخص کا ٹیسٹ کروانے سے گریزاں ہیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اس کا فی الفور نوٹس لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں الخدمت کووڈ19 ٹیسٹنگ لیب کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے فقدان اور وہاں کی انتظامیہ کی بدسلوکی کی وجہ سے لوگوں میں ایک خوف وہراس کی فضا پھیل چکی ہے جس کی وجہ سے لوگ کورونا ٹیسٹ کروانا نہیں چاہتے جو تشویشناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرنطینہ سینٹرز اور سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کیلئے علاج معالجہ کی سہولیات اور اچھے برتاؤ کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں میں اعتماد بحال ہو اور وہ بیماری کی علامات کی صورت میں قرنطینہ سینٹرز اور ہسپتالوں کا رخ کریں۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ پنجاب بھر کے این جی او سیکٹرز میں پہلی کووڈ19 ٹیسٹنگ لیب ایک مثال ہے۔ یہ لیب عالمی ادارہ صحت اور حکومت پاکستان کے محکمہ صحت کے اداروں کے ایس او پیز کے مطابق ایک جدید لیب ہے جس میں عالمی معیار کے مطابق تمام سہولیات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نامور دیگر لبیاٹریوں میں کورونا وائرس کی تشخص کا ٹیسٹ 8 سے 10 ہزار میں ہورہا ہے جبکہ الخدمت لیب میں 3 ہزار میں کیا جارہا ہے جو ان حالات میں کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے شہر کو اور ملک کو کورونا آفت سے محفوظ بنانے کیلئے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن اپنی اس جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ رمضان المبارک اور عید کیلئے مستحق غریب اور سفید پوش طبقہ کیلئے مزید رمضان فوڈ پیکیجز مستحقین تک پہنچا رہے ہیں۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد اس موقع پر اہل لاہور کے مخیر حضرات اور اہل خیر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں فی سبیل اللہ اپنے زکوۃ، صدقات اور عطیات جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کو دل کھول کردیں۔
 

Youtube Downloader id

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں




سوشل میڈیا لنکس