حافظ ساجد انور

حافظ ساجد انور

ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان

حافظ ساجد انور 10 اکتوبر 1979ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ آبائی تعلق صوبہ خیبر کے مشہور گاؤں مانکی شریف سے ہے۔ میٹرک تک تعلیم اور حفظ القرآن الکریم کراچی ہی میں کیا اس کے بعد کراچی کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ حنیفیہ میں درجہ ثالثہ تک کی تعلیم حاصل کی۔ آپ نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک نوشہرہ، جامعہ تعلیم القرآن والسنہ گنج پشاور ، جامعہ امداد العلوم پشاور اور جامعہ عربیہ حدیقة العلوم پشاور اور جامعہ اسلامیہ تفہیم القرآن مردان میں تعلیم حاصل کی۔

حافظ ساجد ابتدا سے ہی دینی مدارس کی ملک گیر تنظیم جمعیت طلبہ عربیہ سے وابستہ رہے۔ آپ بچوں کے رسالہ بزم قرآن کراچی اور پھر پشاور کے مدیر رہے ۔ تنظیم بزم قرآن کی بھی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔ جمعیت طلبہ عربیہ کی ذمہ داریوں کے سلسلے میں مختلف مدارس میں منتقلی ہوتی رہی۔  دوران تعلیم امین جمعیت طلبہ عربیہ صوبہ خیبر، امین عام اور منتظم اعلیٰ کی ذمہ داری تین سال تک ادا کی۔ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کی ذمہ داری کے دوران اور بعد میں بھی آپ نے متعدد ممالک سعودی عرب، کویت، قطر، ایران، لیبیا، افریقہ، مصر، سری لنکا اور افغانستان کے دعوتی و تبلیغی دورے کئے۔ 

جمعیت طلبہ عربیہ سے فراغت کے بعد آپ نے تفہیم الاسلام فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی اور مجلہ تفہیم الاسلام کا آغاز کیا اس فاؤنڈیشن کےتحت دارالعلوم تفہیم الاسلام نوشہرہ میں تعلیم تربیت کا کام جاری ہے۔ 2008ء میں آپ کی نائب امیر ضلع نوشہرہ کی ذمہ داری لگا ئی گئی۔ جولائی 2008ء کو جماعت اسلامی پاکستان کے تعلیمی پراجیکٹ مسجد مکتب اسکیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی ذمہ داری لگی۔ مئی 2010ء سے نائب قیم جماعت اسلامی پاکستان کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔