پروفیسر محمد ابراہیم خان

پروفیسر محمد ابراہیم خان

امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا

پروفیسر محمد ابراہیم خان 28 ستمبر 1954ء ہنجل امیر خان تحصیل و ضلع بنوں میں پیدا ہوئے۔ پرائمری تعلیم 1965ء میں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 3 بنوں شہر سے حاصل کی، 1968ء میں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1 بنوں سے مڈل کیا اور پھر اپریل 1971ء میں کینٹ بورڈ ہائی سکول(ایف جی ہائی سکول) بنوں کینٹ سے میٹرک کیا۔ جولائی 1975ء میں گورنمنٹ کالج بنوں سے بی اے کیا اور پھر گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خاں سے جنوری 1978ء میں ایل ایل بی کیا۔ جون 1980ء میں گومل یونیورسٹی سے جرنلزم میں ایم اے کیا.

 پروفیسر ابراہیم خان نے بچپن ہی سے دیندار گھرانے میں پرورش پائی تھی، کالج سے اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہوگئے، 1973ء سے 1975ء تک اسلامی جمعیت طلبہ بنوں شہر کی ذمہ داری ادا کی۔ 1975ء سے 1977ء تک گومل یونی ورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم رہے اور پھر 1977ء سے 1980ء تک اسلامی جمعیت طلبہ ڈیرہ اسماعیل خان کی ذمہ داری پر فائز رہے۔ تعلیم کی تکمیل کے بعد 1982ء میں پروفیسر ابراہیم کی گومل یونیورسٹی کے جرنلزم ڈیپارٹمنٹ میں بطور لیکچرر تقرری ہوئی اور یہاں پر 1985ء تک خدمات انجام دیتے رہے۔ اسی دوران جماعت اسلامی پاکستان سے وابستہ ہوگئے اور پھر 1981ء سے 1982ء تک قیم جماعت اسلامی بنوں اور 1982ء سے 1984ء تک قیم جماعت اسلامی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی ذمہ داری ادا کرتے رہے۔ جون 1985ء تا 1994ء  بطور قیم جماعت اسلامی صوبہ سرحد خدمات انجام دیں، بعدازاں اپریل 1994ء تا 2003ء جماعت اسلامی صوبہ سرحد کی امارت کے فرائض سرانجام دیے۔ 

پارلیمانی سیاست میں اکتوبر 2003ء سینیٹ آف پاکستان کے ممبر منتخب ہوئے، فروری 2006ء میں دوبارہ سینیٹ کے لیے ان کا انتخاب عمل میں آیا۔ اپریل 2004ء میں جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر کی ذمہ داری لگائی گئی، جب کہ مرکزی نشر و اشاعت کمیٹی کی صدارت کے فرائض بھی سرانجام دیتے رہے۔ 23 ستمبر 2016ء کو نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان مقرر کیے گئے اور تا حال اس اہم ذمہ داری کے ساتھ بطور امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخواہ بھی خدمات  ادا کررہے ہیں۔