News Detail Banner

قومی، صوبائی اسمبلیوں کی مدت مکمل ہوگئی، نگراں عبوری حکومتیں بن گئیں۔ آئینی، جمہوری اور انتخابی اعتبار سے 90 دن میں انتخابات کا آئینی آرٹیکل بالادست ہے۔لیاقت بلوچ

8مہا پہلے

لاہور21 اگست 2023ء

نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے اسلامک لائیرز موومنٹ کی نیشنل کانفرنس، جماعت، اسلامی سیالکوٹ کی تربیتی تفریحی ورکشاپ، جماعتِ اسلامی اسلام آباد کے ضلعی اجتماع اور شادباغ لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے  کہاکہ قومی، صوبائی اسمبلیوں کی مدت مکمل ہوگئی، نگراں عبوری حکومتیں بن گئیں۔ آئینی، جمہوری اور انتخابی اعتبار سے 90 دن میں انتخابات کا آئینی آرٹیکل بالادست ہے۔ مردم شماری متنازع ہے، کونسل آف کامن انٹرسٹ نے بدنیتی اور خاص مقاصد کے لیے اتفاقِ رائے کا تاثر دے کر ڈیجیٹل نتائج کا نوٹیفکیشن کردیا، جبکہ بلوچستان، سندھ (کراچی)، پنجاب اور خیبرپختونخوا سے پوری شدت سے اختلاف ہورہا ہے۔ متنازع مردم شماری کی بنیاد پر انتخابات متنازع نہ بنائے جائیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان متنازع مردم شماری کو مسترد کرے اور تاِسے واپس حکومت اور مشترکہ مفادات کونسل کی طرف بھیج دے۔ جماعتِ اسلامی انتخابی التواء پر سراپا احتجاج ہے اور سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

لیاقت بلوچ نے جڑانوالہ کے سانحہ پر اسلام آباد میں احتجاجی و یکجہتی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کی جان، مال، عزت، عبادت گاہوں اور مقدسات کی۔۔۔۔۔ پر حفاظت شرعی، قومی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ جڑانوالہ سانحہ جذباتیت، فرقہ پرستی، انتہاپسندی، عدم برداشت اور نظامِ عدل کی ناکامی کا نتیجہ ہے۔ ڈنمارک، سویڈن، ہالینڈ اور بھارت کے شہر منی پور میں عیسائیوں کا قتل عام، چرچز کا جلایا جانا اور مسلمان اقلیتوں پر ظلم، مساجد کی مسماری، ہندو دہشت گردی کو سانحہ جڑانوالہ نے پسِ منظر میں دھکیل دیا ہے۔ سانحہ کی پشت پر بیرونی سازش اور ہاتھ نظر انداز نہیں کیے جاسکتے۔ قومی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو قومی وحدت اور قومی جذبتا میں ٹھہراؤ، توازن پیدا کرنے کے اقدام کرنا ہونگے۔ شدت اور انتہا پسندی کا ماحول پاکستان دشمن بیرونی قوتوں کی سہولت کاری کا سبب بنتا ہے۔