News Detail Banner

مغرب زدہ شخصیات کی حکومتیں ملک کے مسائل کا حل نہیں۔راشد نسیم

7مہا پہلے

لاہور26 اگست 2023ء

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ مغرب زدہ شخصیات کی حکومتیں ملک کے مسائل کا حل نہیں۔ ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اسلامی اذہان، اہل اور ایمان دار لوگوں کو مسند اقتدار پرہونا چاہیے، قوم اس مقصد کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ المرکز الاسلام فیصل آباد میں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بانی جماعت سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے اسلامی ریاست کا نظریہ اس وقت پیش کیا جب دنیا میں سرمایہ دارانہ اور کیمونسٹ ادوار کا راج تھا، اس وقت ان کی آواز تنہا تھی، لیکن آج پاکستان کا ہر شہری اسی نظام کا خواہاں ہے حتیٰ کہ سیکولر جماعتیں بھی مدینہ کی اسلامی ریاست کا نعرہ لگانے پر مجبور ہیں، اگرچہ ان کے نعروں میں اخلاص نہیں اور وہ محض عوام کی ہمدردی چاہتے ہیں۔ پاکستان کو اسلامی نظام صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک پر مسلط جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کی سیکولر حکومتوں نے سوائے بھوک، افلاس اور بدامنی کے اور کچھ نہیں دیا، یہ انہی حکومتوں کے اعمال ہیں کہ آج عوام بجلی کے بلوں کو دیکھ کر خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا۔ سیکولر حکومتوں کے نتائج قوم نے بھگت لیے، 75برس ہو گئے بہتری نہیں آئی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی محنت کا نتیجہ ہے کہ آج ملک کی اکثریت خواتین پردہ کرتی ہیں، جدید تعلیمی اداروں میں بھی اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں، کھیل میدانوں میں بھی دین کے نام لیواؤں کا چرچہ ہے، بنیادیں رکھی جا چکی ہیں، اب صرف اسے شاندار عمارت میں تبدیل کرنا ہے۔