News Detail Banner

حماس کو کامیابی ملے گی، اسرائیل شکست کھائے گا، نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطا الرحمن

1دن پہلے


حماس کو کامیابی ملے گی، اسرائیل شکست کھائے گا، نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطا الرحمن
نائب امیر جماعت اسلامی مولانا ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا ہے کہ دنیا میں حق اور باطل کی کشمکش ازل سے جاری ہے، اور بالآخر حق کو ہی فتح حاصل ہوگی۔ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں ہم ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حماس فتح یاب ہوگا، اسرائیل کو شکست ہوگی، اور حق کا پرچم بلند ہوگا۔
دیر لوئر میں ماہانہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام پر اسرائیل کے وحشیانہ مظالم ناقابل برداشت ہیں۔ پوری امت مسلمہ کو غزہ کے حق میں متحد ہو کر آواز بلند کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اور 18 مئی کو اہلِ ملاکنڈ نے بھارت و اسرائیل مخالف مارچ کرکے تاریخ رقم کی۔
نائب امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی نہ صرف بیرونی سازشوں کے خلاف صف آراء ہے بلکہ ملک کے اندر قادیانیت جیسی فتنہ انگیز تحریکوں کے خلاف بھی پوری قوت سے برسرِپیکار ہے۔ مولانا مودودیؒ کی شہرہ آفاق تصنیف ''فتنہ قادیانیت'' آج بھی جدید ذہنوں کے لیے تشفی کا باعث ہے، جس کے باعث انہیں فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی، لیکن وہ نظریاتی طور پر سرخرو رہے۔
ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان سودی نظام کے خلاف اپنی پرامن اور مسلسل جدوجہد جاری رکھے گی۔ اسلامی انقلاب ہمارا وژن ہے، جس کے لیے منظم، باکردار اور تربیت یافتہ کارکنان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی تربیت، نوافل کی پابندی، کردار کی پختگی، اور میڈیا یلغار کا علمی و فکری سطح پر مقابلہ وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا رابطہ دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں سے ہے، اور ہم اسلامی امہ کے اتحاد کو وقت کی سب سے بڑی ضرورت سمجھتے ہیں۔ ہم نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کریں گے اور ختم نبوت کے عقیدے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے مبارک ثانی کیس کا بھی حوالہ دیا اور جماعت اسلامی کے کردار کو اجاگر کیا۔آخر میں انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کریں، تربیت، نظم و ضبط، کردار اور دعوتی جذبے کے ساتھ میدانِ عمل میں اتریں۔ یہی وہ راستہ ہے جو باطل کے مقابلے میں ہمیں کامیابی دلائے گا۔