News Detail Banner

جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کی پارلیمان میں موجودگی اسلام کے دروازے کھولنے کے مترادف ہے۔

3دن پہلے

    جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کی پارلیمان میں موجودگی اسلام کے دروازے کھولنے کے مترادف ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام آباد کے ایوانوں میں اسلام کے نفاذ کی آواز بلند کی جائے اور حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھی جائے۔وہ جماعت اسلامی جوہر ٹاؤن لاہور کے زیرِ اہتمام ایک اہم تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں جماعت اسلامی کے مقامی و مرکزی قائدین، الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ بیدار ہو چکی ہے اور دنیا بھر میں اسلامی انقلاب کی لہر اُبھر رہی ہے۔ عوام جس طرح الخدمت فاؤنڈیشن پر اعتماد کرتے ہیں، اسی طرح جماعت اسلامی پر بھی اعتماد کی ضرورت ہے تاکہ اس ملک کو ایک فلاحی اسلامی ریاست بنایا جا سکے۔
امیر العظیم نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی روزِ اوّل سے ملک و ملت کی بہتری کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور عوامی مسائل کا اسلامی حل ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع لاہور جنوبی مرزا عبد الرشید، زونل امیر سلمان ایوب ملک، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے جنرل سیکریٹری سید وقاص انجم جعفری، جماعت اسلامی کے راہنما چوہدری ریاض فاروق ساہی اور الخدمت فاؤنڈیشن جوہر ٹاؤن کے صدر ظفر اقبال بسرا نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سید وقاص انجم جعفری نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے گزشتہ برس 30 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کی، اور آج غزہ میں بھی پاکستانی عوام کے تعاون سے امدادی کام جاری ہیں۔ یہ ہماری قوم کا فخر ہے۔تقریب میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اور مقررین نے ملک میں اسلامی نظام، خدمتِ خلق اور باہمی اتحاد و اخوت کو فروغ دینے پر زور دیا۔