راؤ محمد ظفر انتقال کر گئے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے نماز جنازہ پڑھائی
20گھنٹے پہلے

سابق امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راؤ محمد ظفر انتقال کر گئے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے جامع العلوم ملتان میں مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائی۔ نماز جنازہ میں سراج الحق سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان، امیر العظیم سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان، لیاقت بلوچ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان، ڈاکٹر حفیظ الرحمن صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان، سید ذیشان اختر امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب، صہیب عمار صدیقی امیر جماعت اسلامی ملتان، احمد عمار یاسر صدر الخدمت فاؤنڈیشن جنوبی پنجاب، اکرام الحق سبحانی صدر الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب،اظہر اقبال حسن ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان، میاں مقصود احمد، نصر اللہ رندھاوا امیر جماعت اسلامی اسلام آباد، نصر اللہ گورایہ نائب امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب، ڈاکٹر طارق سلیم امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب، حسن بلال ہاشمی ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان اور جنوبی پنجاب کی سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
امیر جماعت اسلامی نے نماز جنازہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راؤ محمد ظفر نے ساری زندگی اللہ کے نظام کے غلبے کے لیے وقف کی۔ اپنی رائے کا برملا اظہار کرتے تھے لیکن جب کوئی فیصلہ نظم جماعت کی طرف سے کر دیا جاتا تو انہیں ہمیشہ اپنی رائے پر اطاعت نظم کو ترجیح دینے والا پایا۔ راؤ محمد ظفر نے بیماری کا خندہ پیشانی سے سامنا کیا اور انہیں ہمیشہ اللہ کا شکر گزار ہی پایا۔ہم آج اجتماعی طور پر اللہ کے سامنے ان کے لئے یہ جرگہ لے کر حاضر ہوئے ہیں کہ اللہ پاک انہیں اپنے جوارے رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وہ الخدمت کے بھی صوبائی ذمہ دار رہے اور ہمیشہ انہیں معاملات میں صاف ستھرا پایاگیا۔