News Detail Banner

امیر جماعت اسلامی کی باجوڑ فائرنگ واقعہ کی مذمت، اے این پی رہنما مولانا خانزیب کی شہادت حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہے، حافظ نعیم الرحمن

11گھنٹے پہلے

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے باجوڑ فائرنگ واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس میں جاں بحق ہونے والے اے این پی رہنما مولانا خانزیب اور ان کے ساتھی کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے اور منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ باجوڑ ایک مرتبہ پھر قاتلوں کے رحم وکرم پر ہے، اے این پی علماء کونسل کے سربراہ مولانا خانزیب کی شہادت انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت واقعہ ہے، تواتر کے ساتھ اس طرح کے واقعات اور قیمتی جانوں کا ضیاع حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہے، وفاقی، صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل ناکام ہیں۔
انھوں نے افسوس ناک واقعہ میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور مرحومین کے لواحقین اور اے این پی قیادت سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ریاست و حکومت کی اولین ذمہ داری شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہے۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے حالات انتہائی کشیدہ ہیں، سندھ اور پنجاب کے حالات بھی کسی صورت تسلی بخش نہیں، عوام خوف و بے یقینی کا شکار اور مہنگائی و بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں ملک میں قیام امن کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں اور عوام کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔