پوری قوم ایران کے ساتھ، حکومت واضح طور پر ایران کا ساتھ دینے کا اعلان کرے،حافظ نعیم الرحمن
4گھنٹے پہلے
پوری قوم ایران کے ساتھ، حکومت واضح طور پر ایران کا ساتھ دینے کا اعلان کرے،حافظ نعیم الرحمن
ایران پر ہونے والا حملہ صرف ایران پر نہیں بلکہ ان کی نظریں پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام پر ہیں،جینے دو کراچی جلسہ عام سے خطاب
حکومت پاکستان افغانستان سے بامقصد مذاکرات کرے، افغانستان بھی سمجھ لے کہ بھارت مسلمانوں کا کبھی دوست نہیں بن سکتا
کراچی میں سنگین مسائل ہیں، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نہ مسائل حل کرتی ہے نہ اختیارات دیتی ہے،امیر جماعت اسلامی پاکستان
جلسہ عام سے منعم ظفر خان،کامران سراج، نصرت اللہ، فراز حسیب نے بھی خطاب کیا،جلسے میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اسٹوڈنٹ گراؤنڈ بی ون ایریا لیاقت آباد میں جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کے تحت جینے دو کراچی جلسہ عام ودعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اور امیریکہ کا ایران پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے، ایران پر ہونے والا حملہ صرف ایران پر نہیں، بلکہ ان کی نظریں پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام پر ہیں،پوری قوم ایران کے ساتھ ہے اور حکومت پاکستان بھی دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح طور پر ایران کا ساتھ دینے کا اعلان کرے،جنگ کی آگ کو روکنے کے لیے پاکستان فوری اپنا کردار ادا کرے۔ چین اور روس کو آن بورڈ لے کر امریکہ کی دہشت گردی کانوٹس لیا جائے۔ افغان حکومت جب اقتدار میں آئی تھی پورے پاکستان نے ویلکم کیا تھا۔ آج بھی عوا م کے دل افغانیوں کے لیے کھلے ہیں لیکن وہ اپنی صفوں میں سے کالی بھیڑوں کو نکالیں۔ حکومت پاکستان افغانستان سے بامقصد مذاکرات کرے۔ آپس میں لڑ کر امریکہ، اسرائیل اور بھارت کوخوش نہیں کرنا چاہیئے۔ افغانستان کو بھی سمجھ لینا چاہیے کہ بھارت مسلمانوں کا کبھی بھی دوست نہیں بن سکتا۔ اسی طرح امریکہ و اسرائیل بھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے۔ ملک میں موجود سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، اس وقت حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ مل بیٹھنے کی ضرورت ہے۔کراچی میں اس وقت سنگین بحران و مسائل ہیں۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نہ مسائل حل کرتی ہے نہ اختیارات دیتی ہے، جلسے سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج،ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ،ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب و دیگر نے بھی خطاب کیا،جلسے میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی، حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہا کہ حکومت پاکستان نے اگر حماس کو ختم کرنے کے لیے پاکستانی افواج کو فلسطین بھیجا تو اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، حکومت ہو یا اپوزیشن دونوں امریکہ کی آشیرباد چاہتی ہیں کسی بڑی سیاسی جماعت نے امریکہ و اسرائیل کے خلاف مظاہرہ نہیں۔ ہر دو دن بعد امریکی صدر ٹرمپ شہباز شریف اور آرمی چیف کی تعریف کرکے اپنا مقصد پورا کررہا ہے۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو اسلحہ فراہم کیا اور ایران پر حملہ کے لیے بھی امریکہ اسرائیل کا ساتھ دے رہا ہے،حافظ نعیم الرحمن نے جلسہ عام کے مقام اسٹوڈنٹ گراؤنڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ آج ہم اس جگہ پر موجود ہیں جہاں ماضی میں دھول اور مٹی موجود تھی۔ جماعت اسلامی اور لیاقت آباد کے ٹاؤن چیئرمین اور ٹیم نے اس میدان سمیت کئی گراؤنڈ آباد کیے، سڑکوں کی تعمیر کی اور ٹاؤن کے تحت جتنے بھی اسکولز تھے ان سب کو ڈویلپ کردیا ہے او ر عوام سے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے،الخدمت اور جماعت اسلامی کے تحت فری آئی ٹی کورسز کروائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجروں کی شناخت دینے والوں نے خود مہاجروں کو تباہ کردیا۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہمیشہ سے ایک ہیں۔ جب بھی پیپلز پارٹی اختیارات کے معاملے پر پھنسنے لگتی ہے تو ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کو ریلیف دینے کے لیے میدان میں آجاتی ہے۔ کراچی سرکلر ریلوے کو ایم کیو ایم نے ہی بند کیاتھا۔ ۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ اسرائیل و امریکہ نے ایران پر حملہ کرکے ایک بار پھر دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ہے، اسکول پر حملے میں 40 سے زائد طالبات شہید ہوئی ہیں۔ عالم کفر متحد ہوکر ایک طرف مسلمانوں کے خلاف بمباری کررہا ہے اور دوسری طرف مسلمانوں کو آپس میں لڑوا رہے ہیں۔ اہل اسلام کو عالم کفر کے خلاف متحد ہو نا ہوگا، کراچی کا حل نہ وفاق اور نہ صوبہ بلکہ بااختیار سٹی گورنمنٹ ہے۔ جماعت اسلامی اہل کراچی کے حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ جماعت اسلامی کا وژن تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ مزاحمت اور جدوجہد ہے۔ لیاقت آباد ٹاؤن نے گزشتہ ڈھائی سال میں جو کام کیا ہے قابض مئیر پیپلز پارٹی 13 ٹاؤنز میں سے کوئی ایک ٹاؤن بتادیں جہاں لیاقت آباد ٹاؤن جیسا کام کیا ہو۔ گلیوں میں روشنیوں کا جال بچھایا جارہا ہے، اسکول تعمیر کیے جارہے ہیں۔ ملک میں مہنگائی و بیروزگاری ہے۔ فارم 47 کی پیداوار حکومت ہم پر مسلط ہے جو عوام کو ان کے حقوق دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ آج کراچی کے لوگ جینے کا حق مانگ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت 18 سال سے صوبے پر قابض ہے۔ اس نے عوام سے ان کے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ کراچی پاکستان کی معیشت چلانے والا شہر ہے،کراچی کا انفراسٹرکچر تباہ حال ہے،منصوبے مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ لوگوں کا کاروبار تباہ ہورہا ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی۔ پیپلز پارٹی نے نااہلی اور کرپشن میں اعلیٰ ڈگری حاصل کی ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم صرف اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہیں لیکن عوام کو کچھ دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج نے کہا کہ آج ہم لیاقت آباد کے اس گراؤنڈ میں موجود ہیں جو کبھی کچرا کنڈی ہوا کرتا تھا،آج یہ گراؤنڈ جماعت اسلامی کے وعدوں کی تکمیل ہے۔ ہمارے نمائندوں نے سرکاری اسکولوں کو آباد کیا گیا، پارکس بحال کیے گئے اور ڈسپنسریاں قائم کیں، جماعت اسلامی کے چیئرمین جہاں جہاں موجود ہیں وہاں ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ نے کہا کہ 20 سال کا عرصہ گزر گیا لیکن کراچی کے پانی میں ایک بوند پانی کا اضافہ نہیں کیا گیا، قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے لوگ فارم47والے ہیں جو اہل کراچی کا مقدمہ لڑنے کے بجائے عوام کا استحصال کررہے ہیں۔ کراچی کے عوام کا مقدمہ حافظ نعیم الرحمن نے لڑا اور آئندہ بھی لڑتے رہیں گے اور عوام کو احقوق دلوائیں گے، جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری ہے۔ ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب نے کہا کہ الحمدللہ لیاقت آباد جس طرح ترقی کی جانب گامزن ہے اس کی مثال نہیں۔ گزشتہ 3 سال میں لیاقت آباد میں تعمیر و ترقی کے کام کروائے گئے۔ ہم نے کہا تھا کہ ہم وسائل کا رونا نہیں روئیں گے اور وسائل سے بڑھ کر کام کریں گے۔ اگر شہر میں جماعت اسلامی کا مئیر ہوتا تو آج ہم ان مسائل کا شکار نہ ہوتے جو پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہے۔


