جماعتِ اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع کی قیادت میں وفد نے ایرانی قونصلیٹ پشاور کا دورہ کیا
4دن پہلے
جماعتِ اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع کی قیادت میں وفد نے ایرانی قونصلیٹ پشاور کا دورہ کیا
وفد نے امریکہ اور اسرائیلی حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے انتقال پر تعزیت کی
جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد نے پشاور میں قائم ایرانی قونصلیٹ جنرل کا دورہ کیا اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وفد نے قونصل جنرل علی بنفشہ خاہ سے ملاقات کی اور عالمی سامراج امریکہ اور اسرائیل کی وحشیانہ حملوں اور انسانیت سوز مظالم پر ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفد کے شرکاء نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی دینی، ملی اور عالمی سطح پر خدمات کوزبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
وفد میں سابق رکن قومی اسمبلی اور جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری صابر حسین اعوان، نائب امراء مولانا ڈاکٹر ہدایت اللہ ،سید صہیب الدین کاکاخیل، حاجی محمد اسلم، چیئرمین آئی آر ایس ڈاکٹر محمد اقبال خلیل، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری شاہ زمان درانی اور صدر الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا وسطی و جنوبی خالد وقاص بھی شامل تھے۔
وفد کے شرکاء نے امریکہ کی ایماء پر اسرائیل کی وحشیانہ حملوں کوپوری دنیا اور بالخصوص مشرق وسطی کے امن کے لئے زہرقاتل قراردیااور اسلامی دنیا کے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ امریکہ اسرائیل کی ان انسانیت کش مظالم پر ایران کا ساتھ دیں انہوں نے ایرانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔



