حافظ نعیم الرحمن کا ایران کے سفیر سے علی خامنائی کی شہادت پر اظہار تعزیت
1دن پہلے
حافظ نعیم الرحمن کا ایران کے سفیر سے علی خامنائی کی شہادت پر اظہار تعزیت
ایران پر حملہ اسرائیل و امریکہ کی کھلی دہشت گردی ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان
اظہار یکجہتی پر پاکستانی قوم اور جماعت اسلامی کے شکرگزار ہیں، رضا امیری مقدم
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ایرانی سفارت خانہ میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی اور ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کے نتیجہ میں رہبرمعظم علی خامنائی اور دیگر رہنماؤں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے شہدا کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی۔ ملاقات میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، ڈپٹی سیکریٹری فراست شاہ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، سیکریٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی، اور معاون امیر جماعت اسلامی میاں عطائالرحمن بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ایرانی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی اور کہا کہ صہیوں ی دہشت گردی میں علی خامنائی، دیگر قائدین اور معصوم بچیوں کی شہادت پر پوری ملتِ اسلامیہ بالخصوص پاکستانی قوم کے دل غم سے بھرے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ قوتیں امریکہ کی خوشنودی کے لیے پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو مسالک کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتی تھیں، تاہم وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے علی خامنائی کے لیے ملک بھر میں غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کیا اور قوم کو منظم اور متحد کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے ایرانی سفیر کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی امریکی و اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف آئندہ دنوں میں بھرپور مہم جاری رکھے گی اور قوم کو بیدار اور منظم کیا جائے گا۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے امیر جماعت اسلامی کی سفارت خانے آمد اور جماعت اسلامی کے واضح اور ٹھوس موقف پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کوششیں قابلِ قدر ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ مستقبل میں بھی قوم کو اسی طرح کا کردار ادا کرتی رہے گی۔
ایرانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے گزشتہ سینتالیس برسوں سے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی پابندیوں اور دباؤ کا مقابلہ کیا ہے اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف جدوجہد شر کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے رہبرِ معظم کی شہادت کے بعد پاکستانی قوم اور پوری امتِ مسلمہ کے ردعمل کو قابلِ ستائش قرار دیا۔



