سیاسی قیدیوں بشمول بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پٹرولیم لیوی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف عید کے بعد ملک گیر ہڑتال اور لانگ مارچ کی کال دے دی
2دن پہلے
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نےتمام سیاسی قیدیوں بشمول بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پٹرولیم لیوی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف عید کے بعد ملک گیر ہڑتال اور لانگ مارچ کی کال دے دی، 22 مئی کو ملک گیر مظاہرے کیے جائیں گے۔۔۔
لوئر دیر میں جماعت اسلامی کے "بدل دو نظام" جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے عید کے بعد اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن لانگ مارچ کا اعلان کردیا اور کہا کہ 22 مئی کو ملک بھر میں بڑے مظاہرے ہوں گے جبکہ جون کے پہلے عشرے میں ملک گیر ہڑتال کر کے پورے پاکستان کو جام کر دیں گے، حافظ نعیم الرحمان نے پٹرول کی قیمت 410 روپے کرنے کو بدترین ظلم قرار دیا اور کہا کہ حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں اب تک عوام سے 8 ہزار 66 ارب روپے بٹورے ہیں۔ موٹرسائیکل سواروں اور محنت کشوں سے زبردستی سالانہ 500 ارب روپے ٹیکس لیا جاتا ہے جبکہ اشرافیہ کو چھوٹ حاصل ہے۔ انہوں نے پٹرولیم لیوی کے خلاف کل اسلام آباد میں پٹیشن دائر کرنے کا بھی اعلان کیا۔تعلیمی میدان میں ن لیگ اور پی ٹی آئی حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے امیرجماعت نے کہا کہ ہم نے دیر میں حکومت کے بغیر حکومت سے زیادہ کام کیا ، سڑکوں و اسکولوں کا جال بچھایا۔ جبکہ یہاں پی ٹی آئی پنجاب حکومت کی طرز پر اسکولوں کو آؤٹ سورس کر رہی ہے،آج چچا بھتیجی عوام کے پیسے سے تشہر کرتے ہیں، مہنگے جہاز خریدتے ہیں لیکن عوام کو تعلیم نہیں دیتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی واحد جمہوری جماعت ہے، ہم کسی کے کرایہ دار نہیں ۔جماعت اسلامی میں سیٹ حاصل کرنے کی غرض سے آنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، ہمارا اتحاد صرف عوام سے ہے۔



