News Detail Banner

واقعہ کربلا کا اصل پیغام ملوکیت ، ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد ہے، حافظ نعیم الرحمن

5گھنٹے پہلے

واقعہ کربلا کا اصل پیغام ملوکیت ، ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد ہے، حافظ نعیم الرحمن

یزیدیت ہر دور میں ظلم، جبر اور ناانصافی کی علامت رہی، حسینؓ کا راستہ حق، عدل اور مزاحمت کا ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان

لاہور: 25 جون 2026ء
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان فیصلہ کن معرکہ، ظلم کے خلاف مزاحمت، اصولوں کی پاسداری اور دین کی سربلندی کے لیے عظیم قربانی کا نام ہے۔ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی شہادت تاریخ انسانی کا ایسا روشن باب ہے جو قیامت تک انسانیت کو حق کے لیے کھڑے ہونے کا حوصلہ دیتا رہے گا۔
یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ نے کربلا میں صرف اپنی ذات یا اقتدار کے لیے نہیں بلکہ ایک نظریے، اصول اور امت کی اصلاح کے لیے قربانی دی۔ ان کی جدوجہد کا بنیادی مقصد ظلم پر مبنی نظام کے خلاف آواز بلند کرنا، عدل و انصاف کا قیام اور دین کی اصل روح کا تحفظ تھا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہادت امام حسینؓ کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ انہوں نے خلافت کے اصولی نظام کے مقابلے میں ملوکیت، جبر اور بادشاہت پر مبنی طرز حکمرانی کو قبول کرنے سے انکار کیا۔ انہوں نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ باطل نظام کے سامنے خاموشی اختیار کرنا اہل حق کا راستہ نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حسین آج بھی زندہ ہیں، کیونکہ حق، آزادی، عدل اور ظلم کے خلاف ہر جدوجہد میں کربلا کا پیغام موجود ہے۔ یزیدیت کسی ایک دور یا شخصیت کا نام نہیں بلکہ ہر وہ طرز عمل ہے جس میں ظلم، ناانصافی، استحصال اور طاقت کے بل پر حق کو دبایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو واقعہ کربلا کے اصل مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ دنیا بھر میں بالعموم اور پاکستان میں بالخصوص ظلم، ناانصافی اور استحصالی نظام کے خلاف جدوجہد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کربلا کا پیغام ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ معاشروں میں تبدیلی خاموشی سے نہیں بلکہ حق کے لیے قربانی، جدوجہد اور استقامت سے آتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نواسۂ رسولؐ کی عظیم شہادت کا ایک پیغام یہ بھی ہے کہ امت اپنے نبی کریمؐ کی تعلیمات، عدل و رحمت اور شریعت کے نفاذ کے لیے کوشش کرے۔ اقامت دین، انسانی عزت، انصاف اور خیر کے قیام کی جدوجہد دراصل امام حسینؓ کے مشن کی روح ہے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں یاد دلاتا ہے کہ عزت کی زندگی حق کے ساتھ کھڑے ہونے میں ہے۔ جو قومیں ظلم کے سامنے جھک جاتی ہیں وہ اپنی آزادی اور وقار کھو دیتی ہیں، جبکہ حق کے لیے قربانی دینے والے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت امام حسین، اہل بیت اطہار اور ان کے جانثار ساتھیوں کی قربانیوں کو سمجھنے، ان کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے اور ظلم و ناانصافی کے خلاف کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔