پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ہے، حکومت فوری ختم کرے، حافظ نعیم الرحمن
4دن پہلے
پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ہے، حکومت فوری ختم کرے، حافظ نعیم الرحمن
عوام نے پٹرولیم لیوی کی مد میں 1900 ارب روپے جگا ٹیکس ادا کیا ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ایک بھتہ ٹیکس ہے، حکومت اسے فوری ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے اور پٹرول کی قیمت میں کمی کرے۔
اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) پیغام میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے پٹرولیم لیوی کی مد میں 1900 ارب روپے ایسا جگا ٹیکس ادا کیا ہے جس کا پٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت ہر لیٹر پٹرول پر 125 روپے لیوی اور دیگر ٹیکسز وصول کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب آئی پی پیز (نجی بجلی گھروں) کو سالانہ 2 ہزار ارب روپے ایسی بجلی کی مد میں ادا کیے جا رہے ہیں جو سرے سے پیدا ہی نہیں ہوتی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کو اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہوگی اور 7 اگست کو پاکستان بھر کی شاہراہیں بند کرکے حکومت کو عوامی مسائل کی جانب متوجہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم لیوی کا خاتمہ کرے، بجلی کے شعبے میں آئی پی پی معاہدوں پر نظرثانی کرے اور مہنگائی کے ستائے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔



