News Detail Banner

شاہراہ قائدین پر جماعت اسلامی خواتین کا زبردست احتجاجی مارچ، پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ

1دن پہلے

شاہراہ قائدین پر جماعت اسلامی خواتین کا زبردست احتجاجی مارچ، پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ
7 اگست کو پورے ملک میں سڑکوں پراحتجاج ہوگا،اسی دن آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،حافظ نعیم الرحمن کا ہزاروں خواتین سے خطاب
ملک چلانے کے لیے جو جیتا ہے اسے جیتنے دیا جائے، اپنے لاڈلوں کو فارم 47 کے ذریعے قوم پر مسلط نہ کیا جائے،امیر جماعت اسلامی پاکستان
مارچ کی قیادت ڈاکٹر حمیرا طارق نے کی،مارچ سے منعم ظفر، حمیرا طارق، ثمینہ سعید،رخشندہ منیب، جاوداں فہیم نے بھی خطاب کیا

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی کے خلاف اور پیٹرول قیمتیں کم کرنے کے لیے جماعت اسلامی حلقہ خوتین کے تحت پیر کے روز شاہراہ قائدین پر کراچی کی خواتین کا زبردست احتجاجی مارچ کیا گیا،امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مارچ میں شریک ہزاروں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ قائدین پر تاحد نگاہ شریک ہونے والی خواتین نے 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کی ہے۔پورے ملک کے عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ کرکے پیٹرول سستا کرے، آئی پی پیز مافیا سے عوام دشمن معاہدے ختم کیے جائیں۔ اگر تمام آئی پی پیز کا فارنزک آڈٹ کیا جائے تو آصف علی زرداری اور نواز شریف سمیت حکمران ٹولہ بے نقاب ہو جائے گا۔ مارچ میں شریک خواتین نے ثابت کردیا ہے کہ فارم 47 کو ہٹانے کا وقت آگیا ہے۔ پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس، آئی پی پیز مافیا، گندم مافیا سمیت دیگر مافیا کے خلاف 7 اگست کو پورے پاکستان میں سڑکوں پر زبردست احتجاج ہوگا۔ 7 اگست کو سڑکوں پر ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ کراچی سے چترال تک اہم شاہراہوں کو بند کیا جائے گا صرف ایمبولینس کو راستہ دیا جائے گا۔ ریاست فوج کا نام نہیں عوام کا نام ہے۔ یہ ریاست ہماری ریاست ہے جو عوام نے بنائی تھی کسی اور نے نہیں۔ قائد اعظم کی سربراہی میں آزادی کی تحریک پورے برصغیر میں چلی تھی۔ نام نہاد سیاستدانوں اور اسٹبلشمنٹ کی چاپلوسی کرنے والوں کے اتحاد نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔ ایک مخصوص طبقے نے 78 سال تک ہم پر حکمرانی کی ہے۔ 35 سال براہ راست مارشل لاء کے ذریعے ہم پر حکومت کی گئی۔محسن نقوی کی زبانی نااہل حکمرانوں نے پاکستان نہ چلاسکنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملک چلانے کے لیے ہمارا واضح اور دو ٹوک موقف ہے کہ جو جیتا ہے اسے جیتنے دیا جائے، اپنے لاڈلوں کو فارم 47 کے ذریعے قوم پر مسلط نہ کیا جائے۔ جن لوگوں نے یہ گند پھیلایا ہے اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ گند صاف کریں۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی جنرل سکریٹری ڈاکٹر حمیرا طارق کی زیر قیادت مارچ کا آغاز کیا گیا۔احتجاجی مارچ سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان،حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی جنرل سکریٹری ڈاکٹر حمیرا طارق، ڈپٹی سکریٹری ثمینہ سعید، صوبہ سندھ کی ناظمہ رخشندہ منیب، کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی نے ادا کیے۔ مارچ میں خواتین نے بینرز و پلے کارڈز اٹھائے ہوئے ہیں جن پر درج تھا کہ پیٹرول کی قیمت کم کرو، پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرو، لیوی جبری ٹیکس نامنظور، ظلم کا پہیہ جام کرو، مہنگائی نے عوام کے خواب بھی مہنگے کردیے، پیٹرول مہنگا تعلیم مشکل،حکمرانوں اپنی شاہ خرچیاں ختم کرو۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ آئی پی پیز مافیا کو غریب عوام سے پیسے وصول کر کے دیے جاتے ہیں۔ پیٹرولیم و ڈیزل پر لیوی بھتہ ٹیکس وصول کرکے عوام پر بوجھ ڈالا جاتا ہے۔ پیٹرولیم لیوی عوام کے لیے مصیبت بن چکی ہے۔ امریکہ و ایران جنگ کے بعد پیٹرولیم لیوی اور ٹیکسز میں مزید اضافہ کرکے عوام کی کمر توڑدی ہے۔ پاکستان میں 3 کروڑ سے زائد موٹر سائیکل ہیں۔ موٹر سائیکل سیاست دانوں کی اولاد نہیں عام شہری چلاتے ہیں۔ جن کی کوئی آمدنی نہیں، ان کے اوپر بھاری لیوی مسلط کی گئی ہے۔ اسمبلی میں بیٹھے ہوئے لوگ آپس میں نورا کشتی کرتے ہیں اور اپنی تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے عوام کو تقسیم کردیا ہے اور خود عیاشیاں کررہے ہیں۔ عوام پر مسلط حکمران طبقے سے اب جان چھڑانا ہوگی۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو عوام کے حق جدوجہد تیز اور تحریک کو آگے بڑھانے کے لیے بھر پور طریقے سے استعمال کیا جائے۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کے ہر علاقے سے آنے والی مائیں بہنیں خراج تحسین کی مستحق ہیں جو حکمرانو ں کے ظلم کے خلاف شاہراہ قائدین پر جمع ہیں۔جماعت اسلامی نے لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف پورے پاکستان میں تحریک کا آغاز کیا ہے۔ حکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی دوسری جانب لیوی بھتہ ٹیکس کے نام سے عوام سے اربوں روپے وصول کیے جارہے ہیں۔ عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہوگیا ہے لیکن مریم نواز 11 ارب کا جہاز اور سینٹ چیئرمین کروڑوں کی گاڑی خرید رہے ہیں، عوام غریب سے غریب تر ہورہے ہیں،بنیادی سہولیات سے محرو م ہیں، کراچی کی ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کے لیے ٹرانسپورٹ کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں 5 اگست کو کراچی میں نوجوانوں کی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ 6 اگست کو شہر بھر کے اہم پبلک مقامات پر کیمپس لگائے جائیں گے۔ 7 اگست کو مزار قائد پر انسانوں کا سمندر اُمڈ آئے گا۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ پیٹرول قیمتوں میں اضافے کا اثر براہ راست عام آدمی پر پڑتا ہے اور ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے، جماعت اسلامی کی عوامی تحریک پاکستان کے عوام کے جینے کی تحریک ہے، آج مہنگائی بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے، پاکستان کا نوجوان مایوس ہوکر ملک سے باہر جارہا ہے۔ ہمیں نوجوانوں کو مایوسی اور اندھیروں سے نکالنا ہے، جس قوم کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں جاگ چکی ہوں اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ ثمینہ سعید نے کہا کہ آج کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں فارم 47 والوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ فارم 47 والوں کو گھر جانا ہوگا، پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس عوام کا معاشی قتل ہے۔ جس قوم کی بیٹیاں مائیں باشعور ہوتی ہیں وہ قوم کبھی ناکام نہیں ہوتی۔ رخشندہ منیب نے کہا کہ آج کی خواتین نے سڑکوں پر نکل کر ثابت کیا ہے کہ وہ ظلم کے خلاف خاموش نہیں رہیں گی۔ صورتحال یہ ہے کہ 380 ارب روپے کا مفت پیٹرول طبقہ اشرافیہ استعمال کررہی ہے۔ 280 ارب روپے کی مفت بجلی حکمران طبقہ استعمال کرتا ہے۔ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہو جائے تو عوام کو فائدہ نہیں ہوتا۔ اگر ہم ظلم کے خلاف متحد نہیں ہوں گے توحکمران طبقہ اسی طرح ظلم جاری رکھے گا۔ جاوداں فہیم کہا کہ ماؤں،بہنوں اور بیٹیوں کو احتجاجی مارچ میں شرکت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،آج کراچی کی خواتین نے ظلم کے خلاف جمع ہوکر ثابت کیا ہے کہ ظلم کا نظام اب نہیں چلے گا۔حکومت کو ظالمانہ لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنا ہوگا، آج کا شاندار مظاہرہ حکمرانوں کے لیے تنبیہ ہے کہ اگر ظالمانہ ٹیکس ختم نہ کیے تو ان کو اپنی کرسیاں چھوڑنا پڑے گی۔ احتجاجی مارچ کے ذریعے خواتین کامطالبہ ہے کہ حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم کریں،پیٹرول کی قیمت 225روپے فی لیٹر مقرر کریں۔