News Detail Banner

حکومت بارشوں کے نتیجہ میں ہونے والے عوام کے مالی نقصانات کا ازالہ کرے،سراج الحق

2سال پہلے

لاہور 29جولائی 2021 ئ

    امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے پی میں غربت اور پسماندگی ختم کر نے میں مکمل ناکام ہوگئی ۔ صرف دعوﺅں اور وعدوں پر ڈنگ ٹپاﺅ پالیسی جاری ہے ۔ صوبہ میں تعلیم و صحت کے شعبوں اور انفراسٹرکچر کا براحال ہے ۔ فاٹا کے انضمام کے وقت کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوسکے ۔ حکومت نے اب تک کاغذوں پر فاٹا کی ترقی کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا، عملی اقدامات زیرو ہیں ۔ حکومت بارشوں کے نتیجہ میں ہونے والے عوام کے مالی نقصانات کا ازالہ کرے ۔ وزیراعظم غریبوں کو چھت فراہم کرنے کا وعدہ پورا کریں ۔ اسلامیان پاکستان کو متحد ہو کر ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرناہوگا ۔ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی خواہش رکھتاہے ۔ جماعت سے وابستہ افراد قرآن وسنت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے مرکز اسلامی پشاور میں کارکنان جماعت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ 

    سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی ، نون لیگ اور پی پی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، تینوں جماعتیں آئی ایم ایف کی غلامی ، سودی معیشت کو جاری رکھنا چاہتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مفادات کی سیاست نے ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے ۔ جمہوریت کے نام پر قوم کو عرصہ دراز سے دھوکہ دیا جاتا رہا ہے ۔ مارشل لاز نے رہی سہی کسر نکال دی ۔ پاکستان کی ترقی کے لیے یہاں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرنا ہوگا۔ جمہوریت کو اسلامی اصولوں کے تابع کرنے سے ہی عوام کی بہتری ممکن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دو فیصد سے کم طاقتور افراد نے قبضہ کر رکھاہے ۔ چہرے بدل بدل کر وہی لوگ اقتدار کے ایوانوں میں آجاتے ہیں ۔ انتخابات میں جس کے پاس جتنا پیسہ ہو ، اس کی کامیابی کے اتنے ہی زیادہ امکانات ہوتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ایسے فرسودہ نظام سے جان چھڑانے کی ضرورت ہے او ریہ کام صرف اور صرف عوا م کی طاقت سے ہوسکتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پرامن جمہوری انقلاب وقت کی ضرورت ہے ۔ 

    سراج الحق نے کہاکہ بارشوں سے گلگت بلتستان اور کے پی میں خدانخواستہ مزید نقصان ہوسکتے ہیں ۔ حکومت حالات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے ۔انہوںنے کہاکہ ملک میں قدرتی آفات اور دیگر ایمر جنسی صورتحال سے نمٹنے والے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی اپنی استعداد کے مطابق عوامی خدمت کے ہر شعبہ میں بھر پور کام کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی آئندہ بھی یہ کام بھر پور طریقے سے جاری رکھے گی ۔