News Detail Banner

کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں عوام جماعت اسلامی کے امیدواران کو کامیاب کرائیں،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

 22۔اگست  2021

امیر جماعت اسلامی  پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں عوام جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔ چوروں، لٹیروں اور بہروپیوں کا راستہ روکنا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے اپنے بے داغ اور باکردار امیدواران کو میدان میں اتار دیا ہے۔ الیکشن سے قبل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ روپے پیسے کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔ اس کا نوٹس لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی حل کرسکتی ہے۔ ہم نے اقتدار سے باہر رہ کر بھی اپنے فلاحی کاموں کے ذریعے ملک و قوم کی ہمیشہ خدمت کی ہے۔ 74برسوں سے پاکستان پر جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں کی حکومت قائم ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخاباب میں عوام ان کا صفایا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے فلاحی کاموں کی تعریف پاکستان کے عوام کے علاوہ عالمی میڈیا بھی کرچکا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں قوم خدمت کا موقع دے۔جماعت اسلامی کی پڑھی لکھی، محب وطن اور صالح قیادت ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور اب تحریک انصاف کی تبدیلی کی بھی حقیقت قوم پر آشکار ہوچکی ہے۔ ان چلے ہوئے کارتوسوں کو دوبارہ مواقع فراہم کرنا پاکستان کے مستقبل کو تاریک کرنے کے مترادف ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے عوام کی بہت امیدیں وابستہ ہیں مگر موجودہ حکومت نے سابقین کے بھی ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ انفراسٹرکچر تباہ، ادارے بد حال اور خواب جنتوں کے دکھائے جارہے ہیں۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ 20کلو آٹے کا تھیلا 780سے بڑھ کر 1100روپے کا ہوچکا ہے۔ کوکنگ آئل کی قیمت 170سے بڑھ کر 343روپے ہوچکی ہے۔ پٹرول تین سالوں میں 24روپے فی لیٹر مہنگا ہوگیا ہے۔ تبدیلی سرکار کے تین سال عوام پر کسی اذیت سے کم نہیں۔