News Detail Banner

جماعت اسلامی حکومت کے ہر ظالمانہ اقدام کی بھرپور مخالفت کرے گی،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

 24۔اگست  2021

لاہور (           )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور میں لاقانونیت کی انتہا ہو چکی ہے۔اربوں روپے لگاکر شہر کو سیف سٹی بنایا گیا مگر جرائم میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رکشہ ڈرائیورکا ماں اوربیٹی کی بے حرمتی کرنا قانون کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے۔فحاشی و عریانیت نے ذہنی طور پر مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ ملک میں جب تک اسلامی شرعی قوانین کا نفاد نہیں ہوتا اس وقت تک جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب عمران خان اپوزیشن میں تھے تو میڈیا کی آزادی کے حق میں بلند وبانگ دعوے کرتے تھے۔ آج وہی حکومت میں آکر آزاد میڈیا کا گلا دبانا چاہتے ہیں۔ وزارت اطلاعات کی جانب سے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا مجوزہ قانون تمام اسٹیک ہولڈر، صحافی حضرات اور تنظیموں نے مسترد کردیا ہے۔ حکومت مختلف حیلوں، بہانوں سے میڈیا کی آزادی سلب کرنا چاہتی ہے۔ جماعت اسلامی حکومت کے ہر ظالمانہ اقدام کی بھرپور مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ”رپورٹرز ودآؤٹ باڈرز“ کی رپورٹ کیمطابق پاکستان ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں 145ویں نمبر پر ہے۔ آزادی صحافت جمہوریت کا حسن ہوتی ہے۔ اس سے ادارے مستحکم اور سیاسی استحکام آتا ہے۔ ڈکٹیٹر جنرل مشرف کو اقتدار سے باہر نکالنے کے لیے پاکستان کے میڈیا نے جو شاندار کردار ادا کیا تھا وہ ہم سب کے سامنے ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ حکمران اپنی نا اہلی اور کرپشن کو چھپانے کے لیے میڈیا کی آزادی پر قدغن لگانا چاہتے ہیں۔