News Detail Banner

عمران خان کی سب سے بڑی ناکامی، ناتجربہ کاری اورنااہلی ہے،لیاقت بلوچ

2سال پہلے

لاہور31اگست2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے فیصل آباد، جھنگ، کشمور، لاڑکانہ، جیکب آباد، ٹھل، شکارپور، سکھر میں عوامی جلسہ اور ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اور لاہور میں وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے شکست خوردہ امریکی اور نیٹو فورسز کے مجرم اور پٹے ہوئے لشکر کو اسلام آباد کے ہوٹلوں میں پناہ دی گئی ہے۔ کیا یہ فیصلہ عمران خان اور اُن کی کابینہ کا ہے یا اُن سے بالا بالا ہی جنرل پرویز مشرف کی طرح یکطرفہ فیصلہ ہو گیا۔ پوری قوم کو حساس اور قومی سلامتی سے متعلق فیصلوں سے کوئی آگہی نہیں۔ اب کوئی معاملہ چھپا نہیں رہتا۔ خفیہ اور بند کمروں کے فیصلے منفی اثرات لاتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی سب سے بڑی ناکامی، ناتجربہ کاری اورنااہلی ہے کہ کوڈ 19، مسئلہ کشمیر، فلسطین صورتِ حال، افغانستان میں افغان عوام کی کامیابیوں اور بہت اہم مراحل،انتخابی اصلاحات اور اقتصادی تباہ حال صورت حال سے  نکلنے کے لئے قومی وحدت، متفقہ قومی لائحہ عمل نہیں بنایا جا سکا۔ نریندرمودی کی فون کال کے انتظار میں کشمیر گنوا دیا اورجوبائیڈن کی فون کال کے لئے نہ جانے کیا کیا سرنڈر ہو رہا ہے، قوم بے خبر ہے۔ پاکستان کے حکمران اور پالیسی ساز افغانستان میں اسلام کی بالا دستی اور افغان عوام کی فتح کودِل سے قبول کر لیں۔

لیاقت بلوچ نے عوامی جلسوں سے خطاب میں کہا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن، رشوت، لاقانونیت اور یوٹیلٹی بلز کے ہوشربا اضافوں سے تنگ اور بے زار ہو چکے ہیں۔ عوام میں جمہوریت اور پارلیمانی انتخابی نظام کے لئے مایوسیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ جماعت اسلامی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ہم ہر فرد کی بنیادی ضروریات اور عزت ووقار والی زندگی کو یقینی بنائیں گے، ایسا خود کار بااعتماد نظام لائیں گے کہ اشرافیہ حدود میں رہے اور غریب پسا ہوا طبقہ اوپر اُٹھے اور زندگی کی خوشیاں و خوشحالی پائیں۔ ہر فرد، ہر نوجوان کے لئے روزگار فراہمی کا بااعتماد نظام لائیں گے۔میرٹ،اصول، حق دار کو حق دینے کا نظام آئے گا۔ جماعت اسلامی کا عزم ہے کہ ملک میں اسلام کا ایسا معاشی نظام آئے جو ہر انسان کے لئے مدد گار ہو اور قیام  پاکستان کے مقاصد دو قومی نظریہ کے تحت تہذیبی اور اخلاقی قدروں کا تحفظ ہو۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اور امیدواران ترازو نشان پر ووٹ بنک بنانے کی ملک گیر رابطہ عوامی مہم چلائیں گے۔