News Detail Banner

سید علی گیلانی کی رحلت سے کشمیری عوام یتیم ہوگئی،سراج الحق

2سال پہلے

لاہوریکم ستمبر2021ء

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امراء، لیاقت بلوچ، راشد نسیم، پروفیسر محمد ابراہمی، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، میاں محمد اسلم، ڈاکٹرفرید احمد پراچہ،اسد اللہ بھٹو، ڈپٹی سیکرٹیر جنرل حافظ ساجد انور، اظہر اقبال حسن، محمد اصغر، سید وقاص جعفری، سید بختیار معانی، شیخ القرآن والحدیث مولانا عبدالمالک، پروفیسر خورشید احمد، مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے سید علی گیلانی کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مرحوم کے لیے مغفرت اور خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔اللہ تعالیٰ انھیں کامل مغفرت نصیب فرمائے اور اعلیٰ علیین میں انبیاء، صدیقین، شہداء اور صالحین کی معیت عطا فرمائے۔

    سراج الحق نے کہا کہ سید علی گیلانی کی رحلت سے کشمیری عوام یتیم ہوگئی۔ان کے انتقال سے کشمیریوں، پاکستانیوں اور عالم اسلام کو بڑا نقصان ہوا ہے۔ سید علی گیلانی نے کشمیریوں کیلئے زیادہ تر زندگی جیل میں گزاری۔ ان کا آخری لمحے تک ایک ہی نعرہ تھا، ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سید علی گیلانی کو پاکستان سے عشق تھا،ان کے انتقال سے تحریک آزاد ی مزید تیز ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ کل پورے ملک میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔