News Detail Banner

کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں عوام جماعت اسلامی کاساتھ دیں،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

لاہور 2 ستمبر  2021

کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں عوام جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔ چوروں، لٹیروں اور بہروپیوں کا راستہ روکنا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے اپنے بے داغ اور باکردار امیدواران کو میدان میں اتار دیا ہے۔ الیکشن سے قبل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ روپے پیسے کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے،اس کا نوٹس لیا جائے۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے منصورہ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے امیدواران سے ملاقات کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس مو قع پر ذکر اللہ مجاہد،  نصراللہ گواریئہ، وقار ندیم وڑائچ،میجر افتخار اعوان،حافظ لیق،چوہدری منظور احمد،محمد خالد کیانی،محمد عرفان مغل،رانا شفیق رضوان،راجہ شہباز جنجوعہ،زبیر اسلم خان،احمد نسیم ڈوگر،طاہر اعوان،خالد صدیقی،سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان،ڈ پٹی سیکرٹری اطلاعات محمد عمران الحق و دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں صرف جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو موروثیت سے پاک ہے۔ہمارے فلاحی کاموں کی لمبی فہرست ہے۔ ہر مشکل وقت میں جماعت اسلامی نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے عوام کی مدد کی ہے۔ صاف شفاف انتخابات کروانے کے لیے ملک میں انتخابی اصلاحات وقت کا اہم تقاضا ہے۔ عوامی مینڈیٹ چوری کرنے والوں کا اگر راستہ روک دیا جاتا تو آج ملک و قوم کو محب وطن قیادت کے فقدان کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ مستقبل میں عوام تبدیلی کے لیے صرف اور صرف جماعت اسلامی کی بے داغ قیادت کا انتخاب کریں۔ہماری ہر سطح کی قیادت کرپشن سے پاک اور بے داغ کردار کی حامل ہے۔ تحریک انصاف حکومت جب سے برسر اقتدار آئی ہے عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ مہنگائی کا جن بے قابو ہے اور مافیا حکومت کی صفوں میں بیٹھ کر اقتدار کو انجوائے کررہاہے ہیں۔ تحریک انصاف کی تبدیلی درحقیقت ایک دیوانے کا خواب ثابت ہوئی ہے۔ عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام دو وقت کی روٹی کو بھی ترس گئے ہیں۔ عوام کو درپیش مسائل کا حل صرف اور صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ ملک میں ہیجانی کیفیت اوراضطراب کا عالم ہے۔ تحریک انصاف کے تین سال، مایوسی اورناکامیوں کے سوا کچھ نہیں۔ ملکی معیشت تباہ وبرباد اورمزدور بے روزگار ہو رہے ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے حوالے سے ہماری تیاری مکمل ہو چکی ہے۔کارکنان کو ذمہ داریاں تفویض کی جا چکی ہیں۔ صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا گیا تو ہم ہی کامیاب ہونگے۔ حقیقی تبدیلی صرف اور صرف اللہ کے نظام کا نفاذ کرکے ہی لائی جاسکتی ہے۔ ملک کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانے کے خواب دکھانے والے اپنے دور حکومت میں خواتین کے ساتھ ہونے والی بے حرمتی تک نہیں روک سکتے۔ سودی معاشی نظام ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم جھوٹے وعدے کرنے والوں کو مسترد کردیں۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ عوام تبدیلی کی تباہ کاریاں دیکھ چکے ہیں۔قوم کو کھوکھلے نعروں اورجھوٹے وعدوں کے ذریعے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔ جس تبدیلی کا خواب ملک وقوم کو دکھایا گیا تھا وہ کوئی اورنہیں،صرف اورصرف جماعت اسلامی لا سکتی ہے کیونکہ ہماری قیادت عوام میں سے ہی ہے اوردیانتدار افراد پر مشتمل ہے۔ تاجروں، کسانوں اورگورنمنٹ ملازمین سمیت کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں ہے جو صحیح معنوں میں تسلی بخش کا م کر رہا ہو۔