News Detail Banner

تحریک انصاف کی حکومت نے عوام سے جینے کاحق چھین لیا ہے،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

لاہور 3۔اکتوبر 2021

 امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی حکومت کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ ہوش ربا مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ مہنگائی کے مارے عوام پر سی این جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافہ کرکے ایک اور وار کیا گیا ہے۔ ان ظالم حکمرانوں کے بس میں مہنگائی کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے عوام کو معاشی طور پر زندہ درگور کر نے کی قسم کھا رکھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں بے پناہ اضافہ کرکے دنیا کے ساتھ تقابل کرنا شرمناک ہے۔ بنگلہ دیش، بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک کی فی کس اوسط آمدنی کو دیکھاجائے تو پاکستان کے حکمرانوں کے تمام تقابلی جائزوں کی قلعی کھل کر سامنے آجاتی ہے۔ بنگلہ دیش میں جی ڈی پی کے لحاظ سے فی کس آمدن 2227ڈالر ہے۔ بھارت میں 1961جبکہ پاکستان میں فی کس آمدن صرف 1279ڈالر ہے۔ جو کہ جنوبی ایشیا میں سب سے کم ہے۔ اس لحاظ سے جتنی مہنگائی پاکستان میں ہوچکی ہے۔ اتنی مہنگائی کسی اور ملک میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کے پہاڑ کھڑے کردیے گئے ہیں۔ غیرملکی قرضہ پاکستان کے جی ڈی پی کے 74فیصد کے مساوی ہوچکا ہے۔ پاکستان پر قرضوں کا حجم 253ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ تحریک انصاف اپنے اتحادی ہی حکومتی کارکردگی سے ناراض نظر آتے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ22کروڑ عوام کا حکمرانوں سے اعتماد اٹھ ہوچکا ہے۔ آئندہ انتخابات تحریک انصاف کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوں گے۔