News Detail Banner

وزیراعظم پنڈورا پیپرز میں ملوث وزراء، سرکاری عہدیداران کو عہدوں سے ہٹا دیں، لیاقت بلوچ

2سال پہلے

لاہور04 اکتوبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم پنڈورا پیپرز میں ملوث وزراء، سرکاری عہدیداران کو عہدوں سے ہٹا دیں، پانامہ لیکس کے موقع پر بھی جماعت اسلامی اور عمران خان کا یہی موقف تھا کہ سکینڈل میں ملوث افراد عہدہ چھوڑ دیں، صفائی ہو جائے تو واپس عہدوں پر بحال ہو جائیں۔ اب وزیراعظم ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ اور کرپشن سے بیرون ملک اثاثے بنانے والوں کے لئے تحقیقات کی شرط کیوں عائد کر رہے ہیں۔ اپنے مؤقف سے یوٹرن قومی روگ بنا دیا گیا ہے۔ پانامہ لیکس، قرضے معاف کرنے والے شوگر،آٹا،گندم، پٹرولیم مصنوعات، کرپشن سے بنائی دولت کے بیرون ملک اکاؤنٹ ہولڈرز آزاد دندناتے پھرتے ہیں۔ کرپٹ مافیا کے سامنے حکومت بے بس اور سَب کا احتساب کے اصول کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ میگاسکینڈلز میں ملوث ہر فرد کا آئین، قانون اور عدل کے مطابق احتساب کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے لیہ اور لاہور میں ورکرز کنونشن اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقتصادی، آئینی، پارلیمانی اور اخلاقی بحرانوں میں گھرا ہوا ہے، تنہا حکومت اور فوج کے بَس میں نہیں کہ ہمہ گیر بحرانوں کا خاتمہ کر سکے۔ قومی وقار کی بحالی آزادی، خود مختاری کے تحفظ، مسئلہ کشمیر کے حل، افغانستان میں افغانوں کی عظیم کامیابی کے خلاف سازشوں کے سدِباب اور بدترین اقتصادی بحرانوں سے نکلنے کے لئے حکومت،ریاست اور قومی قیادت کو قومی ترجیحات پر اکٹھا ہونا چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان غیر جمہوری رویہ، غرور،تکبر اور فسادی اسلوب ترک کریں۔ قومی سلامتی، استحکام اور اسلامی پاکستان کی ترجیح بنائی جائے۔

لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی اور عام انتخابات میں ترازو نشان اور اسلامی انقلابی اور عوامی خدمات کی بنیاد پر حصہ لے گی۔ مہنگائی، بے روزگاری اور اسلام سے متصادم اقدامات کے خاتمہ کے لئے جماعت اسلامی کی ملک گیر جدوجہد جاری ہے۔ 31اکتوبر2021ء کو پورے ملک سے نوجوان، بے روزگار اور حکومتی نااہلی اور ناکامی سے تنگ عوام اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ جماعت اسلامی مظلوم عوام کو لاوارث اور تنہا نہیں چھوڑے گی۔ آئین، قرآن وسُنت، عدل وانصاف اورانسانوں کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔