News Detail Banner

پینڈورا پیپرز میں بے نقاب ہونے والوں کو عہدوں سے فارغ کرکے تحقیقات کی جائیں،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

لاہور 5۔اکتوبر 2021

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مسلسل مہنگائی میں اضافہ شرمناک اقدام ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کے بعد بجلی کے نرخوں میں بھی ہوش ربا اضافہ کردیا گیا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں 1.72روپے فی یونٹ اضافہ کے بعد یونٹ 18روپے کا ہوگیا ہے۔ اس اقدام سے بجلی کے صارفین پر 90ارب روپے کا بوجھ پڑے گا، ہم مطا لبہ کرتے ہیں کہ اس اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کی کابینہ میں بیٹھے افراد کے بیانات عوام کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔ مہنگائی نے 22کروڑ عوام کا کچومر نکال دیا ہے اور وزیر اعظم مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ فلاحی ریاست کا خواب تین برسوں میں پورا نہیں سکا۔ کوئی ایک طبقہ بھی ایسا نہیں جو خوشحال ہو۔ وزیرا عظم کی ٹیم پر آف شور کمپنیوں کا ٹھپہ لگ چکا ہے۔ پنڈورا پیپرز میں بے نقاب ہونے والوں کو عہدوں سے فارغ کرکے تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی بڑھنے کاوزیر اعظم کا اعتراف کافی نہیں ہے۔ جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی، اس وقت تک مہنگائی کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں۔ لوگوں کے کاروبار تباہ ہوچکے ہیں۔  محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ آئندہ انتخابات موجودہ حکمرانوں کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوں گے۔ جو حکومت تین برسوں میں مہنگائی کنٹرول نہیں کرسکی وہ اب کیا کرے گی؟ عوام کی آنکھوں سے تبدیلی کی پٹی اتر چکی ہے۔ ملک و قوم کو پڑھی لکھی اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔