News Detail Banner

سابق جسٹس وجیہہ الدین کا الزام تشویشناک، وزیراعظم عمران خان اپنی آمدن کے ذرائع سامنے لائیں،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

لاہور 14دسمبر 2021

امیر جماعت اسلامی پنجاب (وسطی)محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سابق (ر)جسٹس اورتحریک انصاف کے سابق رہنماوجیہہ الدین کا الزام کہ”عمران خان کو 50لاکھ ماہانہ گھریلو خرچ ملتا ہے، جہانگیر ترین 30لاکھ دیتے تھے“ تشویشناک ہے۔ وقت آگیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے آمدن کے ذرائع قوم کے سامنے لائیں۔تحریک انصاف کے دورے حکومت میں جس طرح احتساب کو متنازعہ بنا کر مذاق اڑایاگیا ہے اس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی ساڑھے تین سالہ کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔عوام نے جو بھی امیدیں موجودہ حکمرانوں سے وابسطہ کیں تھیں، کوئی ایک بھی پوری نہیں ہوسکی۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے۔عمران خان کاڈاکٹر عافیہ کو واپس لانے اورلا پتہ افراد کو بازیاب کروانے سمیت کوئی بھی وعدہ پورانہیں ہوا ہے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت عوام کو درپیش مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا چلاجارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوگ تبدیلی سرکار کو بھی تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔کتنی بدقسمتی کی بات ہے جوبھی شخص یا ادارہ تحریک انصٓف کے دور حکومت میں ہونے والی کرپشن اوربے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتا ہے حکومت اس کے خلاف ہی شکنجہ کس دیتی ہے۔ کرونا فنڈنگ میں ہو نے والی بے ضا بطگیوں کے حوالے سے آڈٹیرجنرل کو نشانہ بنانا درست اقدام نہیں۔ نااہل وزراء اورمشیروں نے وزیراعظم عمران خان کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکمرانوں نے اگر اپنی سمت درست نہ کی تو ان کا انجام بھی ماضی کے حکمرانوں کی طرح عبرتناک ہوگا۔