News Detail Banner

حکمرانوں نے مشکل ترین حالات میں لاکھوں انسانوں کو بے یارومددگار چھوڑ دیا۔سراج الحق

1سال پہلے

لاہور23اگست  2022ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے مشکل ترین حالات میں لاکھوں انسانوں کو بے یارومددگار چھوڑ دیا۔ کرسی کی جنگ میں مصروف حکمران جماعتیں سیلاب متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاعات کے باوجود وفاقی و صوبائی حکومتوں نے لوگوں کی نقل مکانی اور سامان کی حفاظت کے اقدامات نہیں کیے۔ باپردہ خواتین سڑکوں پر آ گئیں،کھانے کے لیے روٹی، رہنے کے لیے چھت نہیں، مکانات پانی میں بہہ گئے، مویشی چارہ نہ ہونے کی وجہ سے بھوکے مر رہے ہیں۔ تین دن سے جنوبی پنجاب میں ہوں، ہزاروں خاندانوں کو دیکھا جو اپنے بچوں اور بہنوں بیٹیوں کے ساتھ کھلے آسمان کیے نیچے سونے پر مجبور ہیں۔ پانی سے مساجد شہید، قبرستان بہہ گئے۔ حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ سیلاب متاثرین پاکستانی ہیں، ٹیکس دیتے ہیں ان کی مدد کیوں نہیں کی جارہی، لوگوں کو بھیک نہیں اپنا حق چاہیے۔ حکومت فی الفور متاثرین کے نقصانات کے ازالہ کے لیے اقدامات کرے۔بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز ختم اور ٹیرف کو کم کیا جائے۔ مہنگائی کے مارے عوام پر ماہانہ بل آفت بن کر نازل ہوتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے سب سے پہلے مہنگے بلوں کے خلاف آواز بلند کی۔ آج جگہ جگہ مظاہرے ہو رہے ہیں، عوام اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ ظالمانہ ٹیکسز کو عدالتوں میں چیلنج، اوگرا اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا گھیراؤ بھی کریں گے۔ عوام کے حقوق کے لیے چوکوں، چوراہوں، گلی کوچوں میں جدوجہد جاری رہے گی۔ جماعت اسلامی سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھی حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کو ایکسپوز کر رہی ہے۔ عوام کے حقوق پر کسی قسم کا کمپورومائز نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈی جی خان، تونسہ اور راجن پور کے سیلابی علاقوں کے دورہ کے موقع پر متاثرین سے گفتگو اور مظفرگڑھ میں بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کی شمولیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ ظفر اور امیر ضلع مظفر گڑھ رانا عمر درازفاروقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعدازاں انھوں نے ملتان میں سابق قیم ضلع ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔ امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تین روزہ دورہ کر کے منگل کی شام سکھر روانہ ہو گئے جہاں وہ سندھ کے مختلف اضلاع کا دورہ اور متاثرین سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ انھوں نے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ متاثرین کی بحالی کے لیے بڑھ چڑھ کر خدمات سرانجام دیں۔ امیر جماعت نے ملک بھر کے مخیرافراد سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین کی بحالی کے لیے بھرپور مدد کریں۔ 

سراج الحق نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں حکمرانوں کو میسر مفت بجلی کا خسارہ غریب عوام کو بل بھیج کر پورا کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں بجلی کے بل میں درجن بھر ٹیکسز شامل کر دیے جاتے ہیں۔ سوال اٹھتا ہے کہ جی ایس ٹی،انکم ٹیکس اور ٹی وی فیس کا بجلی کی کھپت سے کیا لینا دینا؟ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں ہر ماہ اربوں کی ہیرپھیر ہوتی ہے اور عوام کو لوٹا جاتا ہے۔ صبح اور شام کو بجلی جلانے پر مختلف ٹیرف اور یونٹس کی کھپت کے مختلف سلیب بنا کر بھی عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت صارف سے اتنا ہی چارج کرے جتنی وہ بجلی صرف کرے۔ بجلی کا ٹیرف کم کیا جائے اور آئی ایم ایف کی تابعداری بند کی جائے۔ حکمرانوں نے سازش کے تحت ملک کو استعمار کی غلامی میں دھکیل دیا ہے۔ عوام غیر ملکی آقاؤں کی تابعداری کرنے والے جاگیرداروں، وڈیروں اور ظالم سرمایہ داروں کو مسترد کر کے اہل اور ایمان قیادت کو منتخب کرے گی تبھی پاکستان حقیقی معنوں میں استعماری طاقتوں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی سے آزاد ہو گا۔ ملک کے مسائل کا حل اسلامی انقلاب میں ہے اور جماعت اسلامی اسی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔