News Detail Banner

گڈ جرنیل بیڈ جرنیل کا بیانیہ ملک اور قومی اداروں کے لیے تباہ کن ہے۔ لیاقت بلوچ

1سال پہلے

لاہور05 ستمبر2022ء

قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ گڈ جرنیل بیڈ جرنیل کا بیانیہ ملک اور قومی اداروں کے لیے تباہ کن ہے۔ ماضی میں بھی گڈ لیڈر، بیڈ لیڈر، گڈ طالبان بیڈ طالبان کی اصطلاحیں استعمال ہوتی رہیں جن کے تباہ کن نتائج برآمد ہوئے۔ قومی اداروں کو داغدار نہ کیاجائے، اداروں میں تعیناتیاں پسند ناپسند کی بجائے میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہییں۔ آئین کی حکمرانی سے ہی ملک کے مسائل حل ہوں گے۔ وہ منصورہ میں جماعت اسلامی پنجاب وسطی کی جانب سے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے 30ٹرکوں سے زائد امدادی سامان کی الخدمت فاؤنڈیشن کو حوالگی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف،امیر لاہور ذکر اللہ مجاہد،سیکرٹری جنرل پنجاب وسطی نصراللہ گورائیہ،صدرالخدمت فاونڈیشن پنجاب وسطی اکرام الحق سبحانی، مظہر اقبال رندھاوا،رانا تحفہ دستگیر و دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے صحافیوں کو بتایا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے تاحال پانچ سے سات ارب روپے کا امدادی سامان اور نقد رقوم سیلاب زدگان میں تقسیم ہوچکا ہے۔ ہمارے ہزاروں کارکن تمام متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں دینی اور قومی جذبے کے تحت سرانجام دے رہے ہیں۔ عالمی،مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا نے الخدمت فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کی ستائش کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ قوم نے بھی جماعت اسلامی کی رفاہی تنظیم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ہم قوم اور میڈیا کی جانب سے اعتماد اور ستائش پر ان کے شکرگزار ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ ہمیں ملک کی بھرپور خدمت جاری رکھنے کی مزید ہمت عطا کرے۔ انہوں نے اس موقع پر جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے قائدین اور کارکنان کی بھی تحسین کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے امدادی سامان کی بروقت اور شفاف تقسیم کے لیے مربوط اور مضبوط سسٹم تشکیل دیا ہے، کوئی بھی شخص اپنی امداد اور عطیات کا حساب کتاب کسی بھی وقت ہم سے طلب کرسکتا ہے۔ 

لیاقت بلوچ نے جہاں عالمی برادری کی جانب سے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کو سراہا وہیں انہوں نے امداد کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کا پرزورمطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی زلزلہ اور سیلاب کے موقع پر امداد کی تقسیم میں بڑے پیمانے پر بدانتظامی اور کرپشن کی نشاندہی ہوئی مگر ذمہ داران کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہوا۔ اب کی بار جماعت اسلامی عوامی دباؤ کے ذریعے اس بات کو ممکن بنائے گی کہ سرکاری امداد میں شفافیت ہو اور اگر ماضی کے وطیرے اپنائے گئے تو حکمرانوں کا بھرپور احتساب ہوگا۔ انہوں نے امداد کے حوالے سے وفاقی و صوبائی حکومتوں، مختلف سیاسی جماعتوں اور اداروں کی جانب سے جو وعدے اور اعلانات کیے گئے ہیں ان پر بھی عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا اس وقت ملک و قوم ایک آزمائش سے گزر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی ہمیشہ کی طرح جہاں ایک طرف بڑھ چڑھ مصیبت زدگان کی مدد کررہی ہے وہیں ہم کشمیر، فلسطین اور افغانستان کے حوالے سے قومی موقف کی آبیاری بھی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بڑے اقتصادی، سیاسی اور اخلاقی بحرانوں سے دوچار ہے۔ وسائل سے مالا مال پاکستان حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی بھینٹ چڑھ گیا۔ حکمران باہر سے قرضے لے کر خود ہی ہڑپ کرجاتے ہیں۔ ملک کے مسائل کا حل اسلامی نظام ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے پرامن جمہوری اور سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔

جاوید قصوری نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹ رہے ہیں۔ لوگوں کو خشک راشن، صاف پانی، خیمے ادویات بہت بڑی تعداد میں چاہییں۔ ان کی بحالی کا کام مخیر حضرات کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آچکا ہے۔ 80 اضلاع آفت زدہ ہیں۔ پاکستان میں بارشوں اور سیلاب نے ایک صدی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ سیلاب متاثرین کو چھوڑ کر سیاسی قیادت الزام تراشیوں میں مصروف ہے۔ 

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ لاہور کے عوام نے جس انداز میں ایثار و جذبے کا مظاہر ہ کیا ہے وہ  مثالی ہے۔ اب تک دس کروڑ روپے سے زائد نقد جبکہ خشک راشن اور دیگر اشیا ضروریہ کے 60سے زائد ٹرک امداد کے روانہ کر چکے ہیں۔ تاجروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مشکل کا شکار پاکستانیوں کی امداد کے لئے بڑھ چڑھ کر امداددیں۔

امداد روانگی کے موقع پر وقاص بٹ، بابر رشید،حافظ حبیب ضیا،ضیا الدین انصاری،حافظ ڈاکٹرساجد قبال،رانا عثمان، عبد القیو م چوہدری،احمد سلمان بلوچ بھی موجود تھے۔