News Detail Banner

چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے سراج الحق

1سال پہلے

لاہور29 ستمبر2022ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور پاکستان میں چین کے سفیر مسٹر نانگ رانگ کے درمیان اسلام آبادمیں چین کے سفارت خانے میں ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، صدر الخدمت فاؤنڈیشن عبدالشکور، ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی اور چینی سفارت خانے کے اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

امیر جماعت نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے چینی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جسے دونوں ممالک کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان کے لیے معاشی استحکام لائے گا بلکہ اس سے خطے میں بھی خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سی پیک پر کام میں تیزی لائی جائے اور خصوصی طور پر بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو بڑھایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ چین کا مسئلہ کشمیر پر موقف ہمیشہ دوٹوک رہا ہے جسے پاکستان اورکشمیر کے عوام انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بیجنگ ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کے حقوق کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر عالمی فورمز پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں سے متعلق چینی سفیر کو بریفنگ بھی دی گئی۔ چینی سفیر نے سیلاب متاثرین کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ چین جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر تعمیر نو کا کام کرنا چاہتا ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین ہمارا پڑوسی ملک ہے اور ایک اچھے پڑوسی ہونے کے ناطے ہماری توقع ہے کہ چین اپنی اقتصادی مدد سے بلوچستان کی مقامی آبادی کی معاشی سطح کو بلند کرنے کو ترجیح بنائے گا اور عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے اقتصادی منصوبے شروع کرے گا۔

چین کے سفیر نے امیر جماعت اور دیگر قیادت کو ان کی دعوت پر سفارت خانہ آنے اور ملاقات کرنے پر شکریہ ادا کیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کے امدادی کاموں کی تحسین کی۔ انھوں نے کہا کہ چین نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بھرپور طریقے سے کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھے گا۔ انھوں نے کہا کہ سی پیک خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم قدم ہے۔ چین پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔