News Detail Banner

پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں فوجی آمروں، سیاسی جمہوری شخصی حکمرانوں نے اسلام، آئین اور تمام قوانین سے انحراف کیا۔لیاقت بلوچ

1سال پہلے

لاہور21جنوری 2023ء

نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے ڈیرہ مراد جمالی، جعفر آباد (بلوچستان) اور جیکب آباد، شکارپور، سکھر (سندھ) میں شمولیت جلسہ، سیاسی انتخابی کمیٹیوں کے ممبرز، میڈیا نمائندگان سے خطاب کیا۔ مولانا عبدالحق ہاشمی، حزبا اللہ جھکڑو، بشیر افدائی، حافظ اسماعیل مینگل، بخش مینگل، ابراہیم ابڑو، دیدار لاشاری، سلطان ایڈووکیٹ لاشاری اور حافظ نیاز بھٹی بھی ان پروگرامات میں شریک تھے۔ 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں فوجی آمروں، سیاسی جمہوری شخصی حکمرانوں نے اسلام، آئین اور تمام قوانین سے انحراف کیا۔ آج پاکستان بدترین َسیاسی، علاقائی، اقتصادی، اخلاقی، تہذیبی، سماجی بحرانوں سے دوچار ہے۔ اسلام ہی ہمارے مسائل کا حل ہے، جاگیردار، وڈیرے، چوہدراہٹیں، سردار فسادات، مال و دولت کی بنیاد پر سیاست پر مسلط دھڑے قومی سلامتی کے لیے ڈیتھ وارنٹ بن گئے ہیں۔ آئین و قانون کی بالادستی، شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات اور مقتدر طبقہ اپنے آپ کو آئین و قانون اور ضابطوں کا پابند بنائے گا تو ملک خوشحال اور مستحکم ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پی پی پی، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کے مقابلہ میں عوام نے جماعت اسلامی کو اپنی پہلی ترجیح قرار دیا ہے۔ کراچی کے عوام کا فیصلہ قبول کیا جائے، جماعت اسلامی کے مینڈیٹ کو زور زبردستی اور دھاندلی سے بدلنا 2023ء کے عام انتخابات کے لیے تباہ کن ہوگا۔ حافظ نعیم الرحمٰن کراچی کی حقیقی قیادت اور میئرشپ کے حقدار ہیں۔ پی پی پی نے 15 سال سے اقتدار میں رہ کر کراچی میں سب کچھ بگاڑ دیا، جماعت اسلامی ہی کراچی کو مسائل اور مافیا سے نجات دلانے گی۔

لیاقت بلوچ نے اقتصادی تباہی و بربادی کا پی ٹی آئی اور اتحادی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ عام آدمی، غریب عوام، مزدور اور محنت کش طبقہ کے لیے مہنگائی، بیروزگاری، پٹرول، بجلی، گیس، پانی کے بلوں کا بوجھ ناقابل برداشت ہوگیا ہے۔ حکمرانوں نے پاکستان کو آئی یم ایف، ورلڈ بنک اور کشکول میں ڈالر ڈالنے والے ملکوں کا غلام بنادیا ہے۔ چین اور روس سے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوں لیکن خطے میں پاکستان، ایران اور افغانستان کے مضبوط تعلقات ترجیح اول ہونے چاہئیں۔ جماعت اسلامی پنجاب، خیبر پختونخوا کے انتخابات اور عام انتخابات میں ترازو نشان پر بھرپور حصہ لے گی، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ان شاء اللہ بحران ختم ہوں گے۔