News Detail Banner

جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام ملک بھر میں مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف یومِ احتجاج منایا گیا

2سال پہلے

لاہور4جولائی2021 ئ

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں صوبائی ، ڈویژنل ،ڈسٹرکٹ اور زونل ہیڈکوارٹرز پر مہنگائی ، بے روزگاری کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا ۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کے باہر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، امیر جماعت اسلامی لاہو ر ذکر اللہ مجاہد ، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے ملتان ، اسد اللہ بھٹو نے حیدر آباد ، جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے سکھر ، امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے پشین ، کوئٹہ میں ہدایت الرحمن، امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے منڈی بہاﺅالدین ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی اور امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راﺅ محمد ظفر نے ملتان ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی وسطی پنجاب بلال قدرت بٹ نے گوجرانوالہ، فیصل آباد میں سردار ظفر حسین اورجماعت اسلامی یوتھ کے قائدین نے مہنگائی بے روزگاری کےخلاف احتجاجی مظاہروں کی قیادت اور خطاب کیا ۔ 

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے منصورہ کے باہر ملتان روڈ پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا بھر میں بجٹ سال میں ایک دفعہ پیش ہوتاہے ، پاکستان وہ بد قسمت ملک ہے جہاں بجٹ کے نام پر عوام پر مہنگائی کے کوڑے روزانہ برسائے جاتے ہیں ۔ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا کہ حکومت عوام کو مہنگائی کی چکی میں نہ پیسے ۔ حالیہ بجٹ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا بجٹ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایک طرف حکمران کہتے ہیں کہ ملک میں زر مبادلہ کے ذخائر اور ایکسپورٹ بڑھ گئی ہے لیکن دوسری طرف مہنگائی ، بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے ۔ قوم ملک میں خوشحالی آنے کی بجائے پہلے سے بھی زیادہ بدحالی دیکھ رہی ہے ۔ موجودہ بجٹ میں نجی پاور کمپنیوں کے ٹیرف میں اضافہ اور سرمایہ داروں کے مفاد کے لیے بنایا گیا اور بجلی ، گیس، پٹرول ، آٹا ، ادویات ا ور دیگر اشیائے ضرورت کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی جیبوں سے اربوں روپے ڈکار لیے گئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ میں پوچھتے ہوں کہ نیب کہاں ہے؟اخبارات میں پڑھتے ہیں کہ فلاں کو بلالیا فلاں کو بلا لیا، آمدنی سے زائد اثاثوں پر سوال ہوتے ہیں ۔ کہاں ہیں تمہارے اختیارات ، کیا کسی ملزم کو سزا ملی ہے ؟انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کراچی گئے اور وہاں اربوں کے پیکیج کا اعلان کیا مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوا ۔ عملاً پی آئی اے ،اسٹیل ملز اور دیگر اداروں کی نج کاری کا اعلان اور سینکڑوں ملازمین کو ملازمتوں سے نکال دیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ نون لیگ اور پی پی صرف اپنے مفاد کے لیے باہر نکلتی ہیں عوام کے مفا د کے لےے نہیں نکلتیں۔

امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے اپنے خطاب میں کہاکہ موجودہ حکومت کا بجٹ ظالمانہ اور غریب کش ہے۔ ابھی آئی ایم ایف کے پیش کردہ بجٹ کی سیاسہی بھی خشک نہیں ہوئی کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی قوم کی ترجمانی کرتے ہوئے مہنگائی بے روزگاری کے خلاف سڑکوں پر نکلی ہے قوم بھی جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔ اس موقع پر شرکاءاور خطاب کرنے والوں میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق، محمود الاحد ، ضیاءالدین انصاری ، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر عبداللہ اعجاز اورامیر جماعت اسلامی غربی عبدالعزیز عابد بھی موجود تھے