News Detail Banner

شرحِ سُود اور ڈالر کی قدر کے اضافہ سے ملکی قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگیا۔لیاقت بلوچ

1سال پہلے

لاہو08 مارچ 2023ء

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا کہ شرحِ سُود اور ڈالر کی قدر کے اضافہ سے ملکی قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگیا۔ کیا پاکستان کے اقتصادی پالیسی ساز اِس امر سے بیخبر ہیں کہ شرح سُود بڑھاکر مہنگائی پر قابو پانے کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔ آئی ایم ایف کی بدترین شرائط مسلط ہونے کے باوجود حکومت معاہدہ کرنے میں ناکام ہے۔ آئی ایم ایف کی ہر شرط کو آنکھیں بند کرکے ماننا انتہائی بھیانک اور تاریک مستقبل کی طرف پیش رفت ہے۔ عمران خان کی طرح میاں شہباز شریف کی معاشی ٹیم ناکام ثابت ہوئی ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کو معاشی بدحالی سے نہیں نکال سکتا۔ حکومتی ٹیم آئی ایم ایف کے ساتھ تکنیکی طور پر مذاکرات میں ناکام ہوچکی ہے۔ حکومتی ٹیم آئی ایم ایف کو قائل کرنے میں ناکام رہی کہ ڈالر کو بیقابو کرنے اور شرحِ سُود بڑھانے سے افراطِ زر اور مہنگائی پر کنٹرول نہیں ہوسکتا۔ قرض لے کر قرض اُتارنے کی پالیسی سے ملک زنجیروں میں جکڑ چکا ہے۔ خودانحصاری، غیرترقیاتی اخراجات میں 50 فیصد کمی اور اپنی قوم اور وسائل پر اعتماد کے ساتھ اسلامی معاشی نظام ہی معاشی بحران کا حل ہے۔

لیاقت بلوچ نے منصورہ میں طلبہ اور نوجوانوں کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی، خودمختاری اور عزت و وقار کے تحفظ کے لیے فرسودہ نظام اور ناکارہ، آزمودہ نااہل قیادت سے نئی نسل کو جان چھڑانا ہوگا۔ نوجوان جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں، جماعتِ اسلامی ملک میں قرآن و سنت کی بالادستی کا انقلابی نظام لائے گی، جس سے آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی ہوگی؛ پاکستان کے عوام، نوجوان خوشحال اور محفوظ ہونگے۔ آئین کے مطابق نظام چلایا جائے تو صوبے بااختیار اور خوشحال ہوسکتے ہیں۔ خواتین اور طالبات قومی آبادی کا اہم ترین حصہ ہیں، اِن کی تعلیم، روزگار اور ترقی ہمارا مشن ہے۔ جماعتِ اسلامی کی جدوجہد، انتخابی مہم ملک میں امن، انصاف، روزگار، تعلیم، علاج اور محبت سب کے لیے ہوگی۔ جماعتِ اسلامی قومی سلامتی، مضبوط دفاع، کشمیریوں کے حقِ خودارادیت، آزاد خارجہ پالیسی کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔