News Detail Banner

پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی سیاست امریکی غلامی کے گرد گھومتی ہے، یہ باریوں اور مفادات پر یقین رکھتے ہیں،سراج الحق

11مہا پہلے

لاہور25 مئی 2023ء  

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی سیاست امریکی غلامی کے گرد گھومتی ہے، یہ باریوں اور مفادات پر یقین رکھتے ہیں، انہیں اداروں کی سپورٹ نہ ہو تو یہ عوام میں جماعت اسلامی کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ آج ملک بھر میں یومِ تکریمِ شہداء منایا گیا،تمام شہدائے وطن کو سلام پیش کرتے ہیں،جس ملک کی خاطر قربانیاں دی گئیں، شہادتیں ہوئی، اسے دنیا میں تماشا بنا دیا گیا، جنوبی ایشیا میں سب سے غریب ملک پاکستان ہے جہاں 11 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں، قابل افراد ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، سوال یہ ہے کہ کیپٹن کرنل شیر دل شہید کے پاکستان کی موجودہ حالت کا ذمہ دار کون ہے؟ ظالم جاگیردار، وڈیرے اور کرپٹ سرمایہ دار نام، چہرے اور پارٹیاں بدل بدل کر 75 برسوں سے ملک کے وسائل کو لوٹ رہے ہیں۔ حکمرا ن جماعتیں ناکام ہوگئیں، ثابت ہوگیا ملک چلانا ان کے بس کی بات نہیں، فوج ایک پارٹی کی نہیں 24کروڑ عوام کی ہے، لیکن اسٹیبلشمنٹ نے کبھی ایک پارٹی تو کبھی دوسری کا ساتھ دیا، ادارے غیر جانبدار ہوجائیں، عوام کو فیصلے کا اختیار دیا جائے، پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی نائن اسلام آباد میں استقبالی ریلی کے اختتام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے پشاور سے اسلام آباد پہنچنے پر کشمیر ہائی وے موٹر وے چوک میں ان کا بلندو بانگ نعروں اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا۔ وہ استقبالی قافلہ کی صورت میں براستہ جی الیون اور جی10 سے جلسہ گاہ پہنچے۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری اور دیگر قائدین بھی ریلی میں شریک تھے۔ ژوب میں خود کش حملہ کے بعد امیر جماعت کا مختلف شہروں میں استقبال کا سلسلہ جاری ہے۔ امیر جماعت نے فقید المثال استقبال پر اہل اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جب تک زندہ ہیں دین اور پاکستان کی خاطر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے انہیں اور کارکنان کو بارود سے اڑانے کی سازش کی تھی، لیکن اللہ حفاظت کرنے والا ہے، جماعت اسلامی کو اللہ کے علاوہ کسی کا خوف نہیں۔

امیر جماعت نے کہا  کہ اس وقت صرف جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے لیڈروں کے نام پنڈورا پیپرز اور پانامہ لیکس میں آئے، انہوں نے توشہ خانہ لوٹا، کشمیر کا سودا کیا، ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا، ان کو سو سال بھی مزید اقتدار مل جائے تو بہتری نہیں لاسکتے۔ انہوں نے کہا موجودہ حالات میں جماعت اسلامی واحد امید کی کرن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایسا پاکستان چاہتی ہے جہاں استحصال نہ ہو، جہاں عوام کو انصاف ملے، جہاں خوشحالی امن ہو، جہاں سیاست، جہموریت، عدالتیں اسلام کے تابع ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پاس اب واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔