News Detail Banner

آج دنیا بھر میں 2 ارب مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے امن پسند عوام و خواص بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔لیاقت بلوچ

9مہا پہلے

لاہور07 جولائی 2023ئ

نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی طرف سے پیغمبر اسلام خاتم الانبیاءوالمرسلین حضرت محمد مصطفی کے ذریعے نازل کردہ وہ آخری اور مکمل کتابِ ہدایت ہے جو رہتی دنیا تک کے انسانوں کی دنیا و آخرت کی یقینی کامیابی، فلاح و کامرانی کے لیے ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے قرطبہ سٹی (راولپنڈی) مسجد بلاک ڈی میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ آج دنیا بھر میں 2 ارب مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے امن پسند عوام و خواص بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور احتجاجی مظاہروں کے ذریعے اپنے جذبات اور غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ قرآنِ مجید کی عظمت، تقدیس، حرمت کی حفاظت نہ صرف ا ±مت مسلمہ بلکہ ہر امن پسند انسان کے دل کی آواز ہے۔ اللہ تعالیٰ کے اس آخری اور مکمل کتابِ ہدایت کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لیے ہم اپنی جانیں پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ قرآن ایک ایسی کتابِ ہدایت ہے جس کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ تعالیٰ نے اپنے ذمہ لی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چودہ سو صدیاں گزرنے کے بعد بھی لاکھ ریشہ دوانیوں کے باوجود قرآن میں ذرہ برابر بھی تحریف، ترمیم یا اضافہ نہیں کیا جاسکا۔ ہمارا ایمان ہے کہ کوئی بھی بدبخت، لعنتی، شرپسند شخص یا گروہ قرآن کی عزت و عظمت میں رتی برابر کمی و بیشی نہیں لاسکتا۔ قرآن کی روشنی انشاءاللہ تاقیامت قائم و دائم رہے گی اور اہلِ ایمان اس سے مستفید ہوتے رہیں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں کے حوالے سے ہمارا المیہ ہے کہ اہلِ کتاب (عیسائیوں اور یہودیوں) نے تو اپنے مقدس صحیفوں کی بے حرمتی کے خلاف قانون سازی کرلی۔ اقوامِ متحدہ کا چارٹر بھی پابند کرتا ہے کہ کسی مذہبی کتاب یا شخصیت کی دل آزاری نہیں ہونی چاہیے، لیکن یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ ان سب کے باوجود دنیا بھر کے 2 ارب مسلمانون کے جذبات بار بار کیوں مجروح کیے جاتے ہیں، کبھی پیغمبر اسلام، خاتم الانبیاءوالمرسلین حضرت محمد مصطفیٰ کی توہین پر مبنی خاکے یا فلمیں بناکر تو کبھی قرآن مجید جیسی مقدس کتابِ الٰہی کی توہین کرکے؟ پیغمبراسلام اور قرآن کی تقدیس کے خلاف بار بار جرم اور گستاخی کا ارتکاب اس بات کی دلیل ہے کہ اسلام سے ہٹ کر دیگر تمام دنیاوی نظام عملاً ناکام ہوچکے ہیں اور اسلام ہی دراصل واحد دینِ فطرت ہے جس نے قیامت تک قائم رہنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام سے خائف قوتیں اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ کہیں مسلمان بیدار ہوگئے تو ا ±ن کے لیے دنیا کی قیادت و سیادت کرنے کی گنجائش باقی نہیں رہے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ عیدالاضحٰی جیسے اہم تہوار کے موقع پر سویڈن میں دانستہ قرآنِ پاک کی بے حرمتی کے واقعہ نے دنیا بھر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس قبیح فعل کے پیچھے فسادی ذہن کارفرما ہے جو اسلام اور دیگر مذاہب کے مابین نفرت اور تفرقہ پھیلاکر دنیا کے امن کو تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے۔ لیکن اللہ تعالیٰ کا فیصلہ ہے کہ اسلام ہی غالب ہوکر رہے گا۔

لیاقت بلوچ نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ محض احتجاج ریکارڈ کرانا اور اجلاس بلانا ہی کافی نہیں، بلکہ اس مسئلے کا مستقل علاج یہ ہے کہ عالمِ اسلام کی تمام ریاستیں متحد و متفق ہوکر لائحہ عمل ترتیب دیں۔ عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے سدباب کے لیے عملی اقدامات ا ±ٹھانے اور توہین آمیزی کے مرتکب ملعونوں کی سرکوبی کے لیے ٹھوس، سنجیدہ اور مو ¿ثر اقدامات وقت کا تقاضا ہے۔ ہم قرآن کی عظمت کے لیے جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں۔ اسلام، پیغمبر اسلام اور قرآنِ مجید کی شان میں بار بار توہین آمیزی اور بے حرمتی مسلم حکمرانوں اور پوری ا ±متِ مسلمہ کے لیے پیغام ہے کہ وہ اغیار کے بنانے ہوئے نظاموں کی پیروی کی بجائے قرآن کے بتائے ہوئے راستے کو اختیار کریں، اسی میں ہم سب کی دنیا و آخرت کی بھلائی، فلاح، کامیابی و کامرانی کا راز پوشیدہ ہے۔