News Detail Banner

فلسطین غزہ میں خواتین، طالبات اور بچوں نے ظلم و جبر کے مقابلہ میں قربانیوں اور مزاحمت و استقامت کی تاریخ رقم کردی ہے۔ لیاقت بلوچ

5مہا پہلے

لاہور7نومبر 2023ء

قائم مقام امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے جنوبی پنجاب سے جامعات، کالجز اور سکولز کی طالبات کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین غزہ میں خواتین، طالبات اور بچوں نے ظلم و جبر کے مقابلہ میں قربانیوں اور مزاحمت و استقامت کی تاریخ رقم کردی ہے۔ اسرائیلی صیہونی بمباری کرکے خود ہلکان ہوگئے لیکن فلسطینیوں کو زیرِ نہیں کرسکے۔ اِسی لیے اب ایٹمی حملہ کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ امریکہ، برطانیہ کی سرپرستی اور مکمل مدد کے باوجود اسرائیل لاغر اور کھچک گیا ہے۔ عالمِ اسلام کی بیحسی، بے حمیتی اور مجرمانہ غفلت اسرائیل کے بچاؤ کی سہولت کاری کررہی ہے۔ غزہ فلسطین پر قیامت برپا ہے۔ صیہونی حیوانیت میں مرد و خواتین، بچے شہادتیں پارہے ہیں۔ ہمیں اپنے جذبوں کو تر و تازہ رکھنا ہوگا۔ سڑکوں پر احتجاج میں شریک ہوکر عالمی طاقتوں کو جھنجھوڑنا ہوگا۔ اگر اِن کی فطرت میں غیرت سلامت ہے تو ضرور جاگیں گے۔ 19 نومبر لاہور میں فلسطینیوں کی حمایت میں تاریخ ساز غزہ مارچ ہوگا۔ بعدازاں انھوں نے مہتمم جامعہ اشرفیہ مولانا عبدالرحیم اشرفی سے ملاقات کی اور انھیں غزہ مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔

لیاقت بلوچ نے آزاد کشمیر سے طلبہ، اساتذہ اور نوجوانوں کے وفد سے منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام بھارتی فاشزم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ کشمیری قیادت جیلوں سے تحریکِ آزادی کشمیر کی قیادت کررہی ہے۔ آزاد کشمیر تحریکِ آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے۔ آزاد خطہ کے عوام، نوجوان تمام تفرقوں، اختلافات سے بالاتر ہوکر بیس کیمپ کو آزادی کشمیر اور حصولِ حقِ خود ارادیت کا مضبوط فعال بیس بنائیں۔ غزہ کے مجاہدوں نے آزادی کی تحریکوں کو نیا ولولہ دیا ہے۔ اپنی جانیں قربان کرکے مسئلہ فلسطین کو دُنیابھر میں اُجاگر کردیا ہے۔ مسئلہ کشمیر و فلسطین عالمی امن کے لیے اہم ترین حل طلب مسائل ہیں۔ اسرائیلی صیہونی اپنی تدبیروں پر شاداں تھے کہ وہ مسلم ممالک سے اپنی ناجائز حیثیت کو تسلیم کرالیں گے اور بھارت اپنی ترقی اور نئی بھارت-مڈل ایسٹ- یورپ معاشی راہداری پر نازاں تھا، مگر ''طوفان الاقصٰی'' آپریشن، فلسطینیوں کی پاکیزہ شہادتوں نے دونوں کے خواب مسمار کردیے۔ کشمیری طلبہ اور نوجوان پُرعزم ہیں، اُنہیں آزادی اور حقِ خودارادیت کی منزل ضرور ملے گی۔