News Detail Banner

جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے وہ حکمرانی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔سراج الحق

3مہا پہلے

لاہور 27دسمبر 2023ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے وہ حکمرانی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ کرپشن سے کمائی گئی دولت کی بنیاد پر جعلی سٹیٹس کے حامل ٹولہ کے دن گنے جاچکے، باشعور عوام بیدار ہو گئے، 8فروری کوظلم و ناانصافی کے سومنات پاش پاش ہوجائیں گے۔

منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ خاندانوں کی بادشاہت کی بجائے اب عوام کو حق حکمرانی دیا جائے۔جن  پارٹیوں کے اندر جمہوریت نہیں وہ ملک میں مستحکم جمہوری نظام نہیں چاہتیں، ان کے لیے سٹیٹس کو میں ہی زندگی ہے۔طرفہ تماشا یہ ہے کہ پارٹیوں کا وجود پہلے قائم ہوجاتا ہے، منشور اور نظریات بعد میں تخلیق ہوتے ہیں، جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے، جس میں قیادت کا انتخاب شفاف جمہوری طریقے سے ہوتا ہے، ہم نے الیکشن مہم کے آغاز سے قبل انقلابی منشور دیا جس کا مقصد ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے، اقتدار میں آکر منشور پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، عوام مہنگائی سے جان چھڑانے، کرپشن سے نجات اور امن کے قیام کے لیے ترازو پر مہر لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری صدی میں پارلیمنٹ کے ذریعے موروثیت اور جاگیرداری نظام کو مسلط کرنا شرمناک ہے۔ الیکشن مہم میں دولت کی نمائش پر پابندی لگائی جائے۔ عوام کو صاف، شفاف اور آزادانہ طریقے سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ جمہوریت مضبوط ہوگی تو ملک آگے بڑھے گا، امن اور خوشحالی آئے گی۔

سراج الحق نے کہا کہ آج وہی لوگ بجلی مفت فراہمی کی بات کرتے ہیں جن کی حکومت میں عوام پر بجلی بم گرایا گیا،رواں برس صارفین پر بجلی گیس کی قیمتوں کی اضافہ کی مد میں 22سو ارب کا بوجھ ڈالا گیا،آئی ایم ایف کے حکم پرماہانہ بل کی ادائیگی ناممکن بنادی گئی، انہی کی حکومتوں میں پن بجلی کے کارخانے لگانے اور مقامی کوئلہ سے فائدہ اٹھانے کی بجائے آئی پی پیز سے معاہدے کیے گئے، قومی خزانہ پر ناقابل برداشت بوجھ ڈالا اور عوام کو لوٹا گیا۔ سابقہ حکمرانوں کے دور میں مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان آیا، ان کی پالیسیوں کی وجہ سے آج عام آدمی کے لیے دووقت کی روٹی کمانا مشکل ہوگیا،عام پاکستانی میں بچوں کوتعلیم اور علاج کی سکت نہیں رہی۔ وسائل پر حکمران ٹولہ قابض ہے،اسی فیصد آبادی کو بنیادی سہولیات دستیاب نہیں، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، لاکھوں نوجوان مایوس ہو کرملک سے باہر بھاگ رہے ہیں۔

 امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر350یونٹ تک بجلی مفت فراہم کرے گی، ہم نوجوانوں کو نوکری نہ ملنے تک روزگار الاؤنس دیں گے، سرکاری زمینیں بے زمین کسانوں، ہاریوں اور نوجوانوں میں تقسیم کریں گے، بلاسود مائیکروفائنانسنک متعارف کروائیں گے، خواتین کے حقوق کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی، ریاستی وسائل کا رخ عام آدمی کی طرف موڑیں گے، وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہوگا، قانون سب کے لیے برابر، بے لاگ احتساب ہوگا،جماعت اسلامی کے دور اقتدار میں عدالتوں میں قرآن کے ذریعے فیصلے ہوں گے، اسلامی نظام نافذ کریں گے، ان مقاصد کے حصول کے لیے عوام 8فروری کو ترازو پر مہر لگاکر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں۔