News Detail Banner

حافظ نعیم الرحمن کا پٹرولیم لیوی کے خلاف پورے ملک کی شاہراہیں بند کرنے کا اعلان

5گھنٹے پہلے

حافظ نعیم الرحمن کا پٹرولیم لیوی کے خلاف پورے ملک کی شاہراہیں بند کرنے کا اعلان
سات اگست کو تمام اضلاع کو ملانے والی سڑکوں پر دھرنے ہوں گے، صرف ایمبولینس کو راستہ ملے گا
حکومت پٹرولیم لیوی ختم، آئی پی پیز معاہدے مسترد، مہنگائی، لوڈشیڈنگ پر قابو پائے
سات اگست سے قبل عوام کو متحرک کرنے کے لیے 20ہزار کارنز میٹنگز ہوں گی، امیر جماعت اسلامی پاکستان کی پریس کانفرنس

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک کے دوسرے فیز کا آغاز کرتے ہوئے سات اگست کو ملک کی تمام شاہراہیں بند کرنے اور دھرنے دینے کا اعلان کیا ہے۔
منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سات اگست سے قبل عوام کو متحرک کرنے کے لیے تمام اضلاع میں بیس ہزار کارنر میٹنگز (Corner Meetings) ہوں گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کو خبردار کیا کہ احتجاجی تحریک روکنے کے لیے غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال ہوئے تو مہنگائی کے خلاف احتجاج حکومت گراؤ تحریک میں تبدیل ہوجائے گا۔ ڈپٹی سیکرٹریز نذیر جنجوعہ ، وقاص جعفری، اظہر اقبال حسن، ، امیر لاہور ضیاالدین انصاری اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور پٹرولیم لیوی ختم ، آئی پی پیز سے مہنگے معاہدے مسترد کرے اور لوڈشیڈنگ پر قابو پائے۔ صوبائی حکومتیں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں ایران امریکہ جنگ سے قبل والی صورتحال پر واپس لائیں۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل اور حکومت کی جانب سے یہ اختیار اوگرا کو دینے کے اعلان کو دھوکہ اور فریب قراردیا اور سوال اٹھایا کہ وزیراعظم بتائیں پٹرولیم لیوی اور فی لٹیر پٹرول پر دیگر ناجائز ٹیکسوں کا اوگرا سے کیا تعلق ہے؟ ان کا کہنا تھا حکمران پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے بھتہ وصول کررہے ہیں ، یہ جگا ٹیکس ختم ہوجائے تو پٹرول کی فی لیٹر قیمت دو سو روپے سے بھی کم ہوجائے گی۔ حکمران عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی بجائے اپنی مراعات اور شاہ خرچیاں ختم کریں۔ قوم سے اپیل ہے کہ سات اگست کو دھرنوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائے، نوجوان اپنی موٹر سائیکلوں کو سڑکوں پر لا کر بند کردیں، سات اگست کو تمام اضلاع کو جوڑنے والی سڑکیں بند کریں گے ، صرف ایمبولینسوں کو راستہ ملے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں بدترین گورننس ہے، گزشتہ چھ برس میں پنجاب میں شرح غربت میں اکتالیس فیصد اضافہ ہوا ہے، مریم نواز نے صوبہ میں گیارہ ہزار سکولوں کو فروخت کردیا اور خود گیارہ ارب کا جہاز خرید لیا، پی ٹی آئی ممبران نے کے پی اسمبلی میں اپنے لیے لامتناہی مراعات کا بل منظور کرلیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی اے پلس (A Plus) ٹیم ہے، بلاول بھٹو آزاد کشمیر کی صورتحال پربیان بازی اور عوام کو دھوکہ دینے کی بجائے بتائیں کہ آزاد کشمیر میں کس کی حکومت ہے؟ پیپلز پارٹی ستر کی دہائی سے لے کر آج تک جمہوریت کے نام پر عوام سے مذاق کررہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے خیبر پختوانخواہ اور خصوصی طور پر صوبہ کے جنوبی اضلاع اور بلوچستان میں مجموعی امن و امان کی خراب صورتحال کا تذکرہ کیا اور حکمرانوں پر زور دیا کہ معاملات کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کی صورتحال پر تمام سٹیک ہولڈرز (Stakeholders ) کو اعتماد میں لینے کی کوشش کررہی ہے ، اس سلسلہ میں جلد ایک گرینڈ جرگہ کے انعقاد کی امید ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے اداروں کی جانب سے مذاکرات کی اطلاعات کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ جماعت اسلامی شروع سے ہی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کے آغاز کی ضرورت پر زور دے رہی ہے، جماعت اسلامی کی جانب سے بات چیت کے لیے بھرپور کوششیں بھی کی گئیں جس کا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے مثبت ردعمل آیا تاہم حکومت کی طرف سے کوئی جواب وصول نہیں ہوا۔ جماعت اسلامی کسی بھی سیاسی مفاد سے بالاتر ہوکر آزاد کشمیر کی صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے مذاکرات کی حامی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی نے اندرونی مشاورت کے بعد احتجاجی تحریک کے دوسرے فیز کا اعلان کیا ہے جو عوامی مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔ تحریک کو موثر اور پرزور بنانے کے لیے علماء، تاجروں، وکلاء، طالب علموں ، سول سوسائٹی اور دیگر طبقہ ہائے فکر سے رابطے کریں گے، قوم اپنے حق کے لیے باہر نکلے۔