News Detail Banner

جماعت اسلامی نے ملک میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر بالترتیب 222 اور 520امیدواران کو ٹکٹ جاری کیے ہیں . ڈاکٹر فرید احمد پراچہ

4مہا پہلے

لاہور 28دسمبر 2023ء 

نائب امیر و سیکرٹری الیکشن سیل جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے ملک میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر بالترتیب 222 اور 520امیدواران کو ٹکٹ جاری کیے ہیں اور سب سے پہلے انقلابی منشور پیش کیا، دوسری پارٹیاں اب جماعت اسلامی کے منشور کو نقل کر رہی ہیں۔ 

منصورہ میں مرکزی الیکشن سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لاہور کی قومی و صوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں پر جماعت اسلامی کے امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ اجلاس میں نائب امیر لاہور ذکراللہ مجاہد، عامر نثار، عمران ظہور غازی، حافظ سیف الرحمن، فرحان شوکت ہنجرا، عمر فاروق،ایاز عمر اور ظفر نکیانہ نے شرکت کی۔ 

فرید پراچہ نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر ہر غریب خاندان کو سالانہ دو لاکھ روپیہ امداد دے گی، تعلیم اور علاج مفت ہو گا، جی ایس ٹی پانچ فیصد سے زائد نہیں ہو گا، سرکاری افسران کی مفت، بجلی اور پٹرول کی مراعات ختم کریں گے، کسانوں کو بلاسود قرض دیا جائے گا اور بجلی کی قیمتوں میں 20فیصد کمی کریں گے۔ اقتدار میں آ کر منشور پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے، عوام 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں۔