سرکلر روڈ سے سات ہزار دکانیں، پانچ ہزار سے زائد گھر گھرانے کی حکومت پنجاب کے منصوبے کی مذمت کرتے ہیں،
10گھنٹے پہلے

امیر جماعت اسلامی پاکستان کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے شاہ عالم مارکیٹ سرکلر روڈ میں متحدہ ایکشن کے صدر شاہد اسلم، سینئر وائس چیئرمین چودھری مقصود، صدر مدینہ الیکٹرک مارکیٹ حاجی خالد، نائب صدر تنظیم مغل امین مغل، حاجی اشفاق اور سینئر وائس پریزیڈنٹ شہزاد صلاح الدین سمیت تاجر رہنماؤں سے ملاقات کی اور تاجروں کو جماعت اسلامی کی طرف سے ان کے مطالبات کے حق کی یقین دہانی کرائی۔ شاہ عالم مارکیٹ کے تاجروں نے حمایت ملنے پر جماعت اسلامی اور ڈاکٹر فرید احمد پراچہ کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے شاہ عالم مارکیٹ میں سرکلر روڈ ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور جماعت اسلامی تاجروں کی قانونی، سماجی، معاشی محاذ پر ہر ممکن مدد کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ سرکلر روڈ سے سات ہزار سے زائد دکانیں اور پانچ ہزار سے زائد گھر گھرانے کی حکومت پنجاب کے منصوبے کی مذمت کرتے ہیں، یہ عوام تاجر اور تجارت دشمن منصوبہ ہے جسے فی الفور ختم کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ تاجروں نے ارباب اقتدار کے ہاتھ مضبوط کیے اور آج حکمرانوں کے ہاتھ تاجروں کے گریبانوں تک پہنچ گئے ہیں جو کہ ظلم کی انتہا ہے۔
ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا کہ حکمران مغلیہ دور کو زندہ اور زندہ انسانوں کو بے روزگار کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت کے 1998ء میں بھی سرکلر روڈ کے نام پر مغلیہ شان و شوکت کے منصوبے کو بھی تاجروں اور سیاسی جمہوری قوتوں نے ناکام بنایا تھا، ان شاء اللہ ایسے فرسودہ اور عوام تاجر دشمن منصوبے کو بھی اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنائیں گے۔