امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش کا حافظ نعیم الرحمن سے رابطہ
1دن پہلے

امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش کا حافظ نعیم الرحمن سے رابطہ
سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی،امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکنہ تعاون کی پیش کش کی
امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش ڈاکٹر شفیق الرحمن نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے رابطہ کرکے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے دعا مغفرت اور متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کو ممکنہ مدد اور تعاون کی پیشکش کی۔
ڈاکٹر شفیق الرحمن کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں سیلاب اور اس کے بعد زلزلہ کی اطلاعات پر دلی رنج ہوا ہے، ہمارے دل پاکستان کی عوام کے لیے دھڑکتے ہیں، اللہ تعالیٰ اپنی مدودنصرت سے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو مشکلات سے جلد نجات بخشے، پاکستان و بنگلہ دیش کے عوام یک جان دوقالب ہیں۔
امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے کارکنان و رضاکاران امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، انہوں نے امدادی سرگرمیوں کی تحسین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے کاموں میں آسانیاں پیدا فرمائے اور متاثرین کی مزید بڑھ چڑھ کر مدد کرنے کے توفیق دے۔ انہوں نے جماعت اسلامی و الخدمت کے کارکنان کے فلاح انسانیت کا عظیم کام کرنے کے جذبہ کو سراہا۔
حافظ نعیم الرحمن نے ڈاکٹرشفیق الرحمن کو سیلاب اور زلزلہ کی صورتحال اور جماعت اسلامی اور الخدمت کی امدادی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور ان کی جانب سے اظہار ہمدردی اور تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا۔