News Detail Banner

حکومت کو تعلیم کے علاوہ ہر میدان میں ریاست کی رِٹ قائم کرنے کی فکر ہے، حافظ نعیم الرحمن

4گھنٹے پہلے

حکومت کو تعلیم کے علاوہ ہر میدان میں ریاست کی رِٹ قائم کرنے کی فکر ہے، حافظ نعیم الرحمن
شہباز شریف نے امریکی صدر کی خوشامد اور چاپلوسی میں تمام حدیں پار کردیں
گھریلو خواتین کے لیے بھی بنو قابل مفت آئی ٹی کورسز کا آغاز کریں گے، امیر جماعت اسلامی پاکستان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کو ریاست کی ہرجگہ رِٹ قائم کرنے کی فکر ہے مگر نوجوانوں کو تعلیم کی فراہمی کی رِٹ قائم نہیں کی جاتی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرمپ کی خوشامد اور چاپلوسی کی تمام حدیں پار کردیں۔ گھریلو خواتین کے لیے بھی بنو قابل مفت آئی ٹی کورسز کا اہتمام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم ملتان میں بنوقابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی سید ذیشان اختر اور امیر ملتان صہیب عمار صدیقی نے بھی تقریب سے خطاب کیا جبکہ سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن سید وقاص جعفری، عمیر ادریس و دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت بنوقابل مفت آئی کورسز میں داخلہ کے لیے ہزاروں کی تعداد میں طلبا وطالبات نے امتحان دیا۔ امیر جماعت اسلامی نے جماعت اسلامی کی مقامی قیادت اور الخدمت کی ٹیم کی بہترین انتظامات پر تحسین کی۔
حافظ نعیم الرحمن نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، صرف پنجاب میں ایک کروڑ بچے سکول نہیں جاتے، صلاحیت ہونے کے باوجود نوجوانوں کو آٹی ٹی کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع دستیاب نہیں، حکمران جلسے روکتے ہیں، آپریشن کرنے پر بضد ہیں اور کہا جاتا ہے کہ ریاست کی رِٹ قائم کرنی ہے مگر نوجوانوں کو مواقع اور تعلیم فراہم کرنے کی رِٹ قائم کیوں نہیں کی جاتی۔ وزیراعظم نے ٹرمپ کی تعریف میں وہ سب کچھ کہہ دیا جو شاید امریکی صدر کو خود بھی اپنے بارے میں معلوم نہ ہو، ایک طرف ٹرمپ کہہ رہے تھے کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کو جو اسلحہ فراہم کیا اس کا بالکل درست استعمال ہوا دوسری طرف وزیراعظم ٹرمپ کی چاپلوسی کررہے تھے، شہباز شریف کے اقدام سے پاکستانیوں کے سرشرم سے جھک گئے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی میں تمام مواقع فراہم کیے جائیں تو پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اربوں ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں اور ملک کا قرضہ اتر سکتا ہے، شہباز شریف نوجوانوں پر توجہ دیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مفت اور معیاری تعلیم ہر شہری کا حق ہے، نوجوانوں کو اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنا ہوگی، نوجوان فرسودہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ ملک کی نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیاں مافیا کے نرغے میں ہیں، ہر پارٹی میں اے ٹی ایم موجود ہیں، یہ چہرے بدل بدل کر نظام پر مسلط ہیں، جماعت اسلامی چہرے نہیں نظام بدلنے کے لیے جدوجہد کررہی ہے، ہم احتجاج کرتے ہیں تو حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیتے ہیں، ہم نظام کو بدلنے کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ خدمت کے میدان میں بھی سب سے آگے ہیں، الخدمت اتنے بڑے پیمانے پر نوجوانوں کو مفت آئی ٹی تربیت فراہم کرہی ہے تو ریاست یا حکومت ایسا کیوں نہیں کرسکتی؟ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی گھریلو خواتین کے لیے بھی مفت آئی ٹی کورسز کا آغاز کررہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے نوجوانوں کو نومبر کے اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی۔