News Detail Banner

امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک کے دیگر حصوں کی طرح خیبرپختونخوا جنوبی میں بھی ایران سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے

12گھنٹے پہلے

امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک کے دیگر حصوں کی طرح خیبرپختونخوا جنوبی میں بھی ایران سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے
بنوں ( )امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک کے دیگر حصوں کی طرح خیبرپختونخوا جنوبی میں بھی ایران سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے منعقد ہوئے۔ جماعت اسلامی ضلع بنوں کے زیرِ اہتمام ایران کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر سے چوک بازار تک پیدل مارچ کیا اور چوک بازار کو کچھ وقت کے لیے بند کردیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی جنوبی پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کی۔ اس موقع پر ضلعی امیر مولانا عارف اللہ، جنرل سیکرٹری اعجاز الحق سورانی اور نوروز علی کربلائی نے خطاب کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ اقدام خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ مقررین نے کہا کہ مسلم ممالک اور عالمی برادری کو مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگی صورتحال کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اس نازک وقت میں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مسلم دنیا کو کمزور کرنے اور مشرق وسطیٰ میں اپنی بالادستی قائم رکھنے کے لیے مسلسل جنگی سازشیں کر رہے ہیں، لیکن امت مسلمہ اب بیدار ہو رہی ہے اور ان سازشوں کو ناکام بنائے گی۔
مقررین نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر جارحیت کھلی عالمی دہشت گردی اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے عالمی طاقتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ مزید تباہی اور انسانی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور حالیہ حملوں میں شہید ہونے والے رہنماؤں اور شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالم اسلام کی خودمختاری اور استقامت کے لیے قابل قدر جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی قیادت اور عوام نے جس استقامت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے وہ پوری امت مسلمہ کے لیے مثال ہے۔ دوسری جانب ضلع کرک میں بھی جماعت اسلامی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے جماعت اسلامی خیبر پشتونخوا جنوبی کے سیکرٹری جنرل محمد ظہور خٹک، امیر ضلع صدیق اللہ شاہین اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ ایران پر حملہ دراصل پوری امت مسلمہ پر حملہ ہے اور اس کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل دنیا میں طاقت کے بل بوتے پر اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتے ہیں، لیکن تاریخ گواہ ہے کہ ظلم اور جارحیت ہمیشہ شکست کھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی عوام اور قیادت نے جس جرات اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے اور پوری مسلم دنیا ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ مقررین نے کہا کہ فلسطین، غزہ اور اب ایران کے خلاف جاری کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اسرائیل خطے میں مسلسل بدامنی پھیلانا اور خطے کا تھانیدار بننا چاہتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل اور امریکہ کی جارحیت کا نوٹس لے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے فوری اقدامات کرے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے خطے میں مسلسل جارحیت، فلسطین اور دیگر مسلم علاقوں میں ظلم و ستم اور اب ایران پر حملے دراصل ایک بڑی سازش کا حصہ ہیں جس کا مقصد مسلم دنیا کو عدم استحکام کا شکار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اس نازک وقت میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور اپنے مشترکہ دشمنوں کے خلاف ایک مضبوط مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی جماعت اسلامی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے کی قیادت ضلعی امیر منظر مسعود خٹک، سیکرٹری جنرل پروفیسر اسد جان اور تحصیل ڈیرہ کے امیر زاہد محب اللہ ایڈووکیٹ نے کی۔ مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف اور ایران کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وہ خوابِ غفلت سے بیدار ہوں اور امت کے مفادات کے تحفظ کے لیے واضح اور جرات مندانہ پالیسی اپنائیں۔ اگر مسلم ممالک متحد ہو جائیں تو کوئی طاقت انہیں کمزور نہیں کر سکتی۔ مقررین نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف مشترکہ سفارتی، سیاسی اور اقتصادی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ لکی مروت میں بھی ایران سے اظہار یکجہتی کے لیے ضلعی امیر مفتی عرفان اللہ، سیکرٹری جنرل مولانا شمس العارف اور عبد الصمد خان کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عالم اسلام کے خلاف ہونے والی ہر سازش کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور امت مسلمہ کے اتحاد، خودمختاری اور وقار کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مظاہروں کے اختتام پر ایران کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی، شہداء کے درجات کی بلندی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔