اجتماع عام فرسودہ نظام کے خلاف پرامن مزاحمت کا آغاز ہوگا، لیاقت بلوچ
5گھنٹے پہلے

اجتماع عام فرسودہ نظام کے خلاف پرامن مزاحمت کا آغاز ہوگا، لیاقت بلوچ
نومبر میں مینار پاکستان کے سائے تلے لاکھوں افراد اکٹھے ہوں گے، قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان
قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ گریٹر اقبال پارک لاہور میں مینارپاکستان کے سائے تلے ہونے والا اجتماع عام تاریخ ساز اور ملک میں پرامن اسلامی انقلاب کی بنیاد ثابت ہوگا۔
منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے تمام طبقہ ہائے فکر کو تین روزہ کل پاکستان اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اجتماع عام کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور اس ضمن میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دے کر افراد کی ذمہ داریاں لگا دی گئی ہے۔ امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن شرکاء سے کلیدی خطاب کریں گے۔
یاد رہے کہ اکیس، بائیس اور تئیس نومبر کو ہونے والے اجتماع عام میں ملک بھر سے لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ عالمی اسلامی تحریکوں کے رہنما،بیرون ملک سے طلبا وفود اور مختلف شعبوں کے ماہرین کو بھی اجتماع میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اجتماع میں خواتین کی بڑی تعداد شرکت کرے گی جن کے لیے علیحدہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ اجتماع کے دوران مختلف تربیتی اور مشاورتی سیشنز ہوں گے۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا ہے کہ جماعت اسلامی اجتماع عام کے ذریعے ملک میں خوفناک سیاسی تقسیم کے خاتمے، آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت اور شخصی آزادیوں کے تحفظ، امن عامہ کے قیام اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن اور منظم مزاحمت کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات سے عوام اور خصوصی طور پر نوجوان مایوس ہوچکے ہیں، معیشت ابتری کا شکار ہے اور مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں مفادات اور مراعات کو سمیٹنے کی کوششوں میں مگن ہیں اور عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں، مسلط طاقتور طبقات وسائل پر قابض ہیں۔ ان حالات میں جماعت اسلامی قوم کے لیے نئی سحر کی امید ہے۔ اجتماع عام حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ بنے گا اور فرسودہ نظام سے خلاصی کا سبب بنے گا۔