News Detail Banner

صیہونیوں نے امریکی صدر ٹرمپ کو ایران سے جنگ کے لئے ٹریپ کرلیا، امریکہ کو ایران میں تیسری مرتبہ شکست کا سامنا ہے،

1گھنٹہ پہلے

صیہونیوں نے امریکی صدر ٹرمپ کو ایران سے جنگ کے لئے ٹریپ کرلیا، امریکہ کو ایران میں تیسری مرتبہ شکست کا سامنا ہے،
امریکہ جارحیت، بِلاجواز جنگ مسلط کردینے کے باوجود ایران کا نظام مضبوط اور مستحکم ہے،
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا افطار پروگرام سے خطاب

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے وہاڑی میں عوامی میگا افطار پروگرام سے خطاب کیا، میڈیا سے گفتگو اور سیاسی، بلدیاتی، سِول سوسائٹی رہنماؤں کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صیہونیوں نے امریکی صدر ٹرمپ کو ایران سے جنگ کے لئے ٹریپ کرلیا، امریکہ کو ایران میں تیسری مرتبہ شکست کا سامنا ہے۔ امریکہ جارحیت، بِلاجواز جنگ مسلط کردینے کے باوجود ایران کا نظام مضبوط اور مستحکم ہے۔ رہبر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد نئے رہبر آیت اللہ مجتبٰی خامنہ ای کا انتخاب ایرانی نظامِ حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف ایران کی کامیابی مسلمانوں کی کامیابی اور جارحیت و ظلم کی ناکامی ہوگی۔ ٹرمپ کا بورڈ آف پِیس منصوبہ فراڈ تھا، سارا دھوکہ بے نقاب ہوگیا۔ مسلم ممالک نام نہاد بورڈ آف پِیس سے الگ ہوجائیں اور مسلم دُنیا کے مفادات کے تحفظ کے ئے خود عالمِ اسلام متحد ہوجائے۔ مشرقِ وسطٰی اور دُنیا کے دیگر خطوں میں امریکی فوجی اڈے کسی اور نہیں مسلم ممالک کے خلاف بڑا خطرہ ہیں۔
لیاقت بلوچ نے سوالات کے جواب میں کہا کہ دہشت گردی کے مراکز کے خلاف پاک فوج کی کارروائی سے پاکستان کو کامیابی مِلی ہے، تاہم جنگ سے خطرات بڑھتے ہیں، سفارتی کوششیں اور مذاکرات ہی کشیدگی کو کم کرنے کا حل ہے۔ اگر افغان طالبان قیادت مذاکرات اور تعلقات کو بحال کرنا چاہتے ہیں تو پاکستان چین، ترکی، قطر کی ثالثی کے چینل کو بحال کرکے پاک افغان تعلقات بحال کئے جائیں۔ خطہ میں استعماری قوتوں کے بڑھتے خطرات کے سدِّباب کے لئے پاکستان، ایران اور افغانستان کے مضبوط تعلقات ناگزیر ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیں، حکومت نے تیل کے کاروبار میں عوام کا خون نچوڑ لیا ہے۔ کم قیمت پر خریدا گیا تیل ناجائز منافع خوری کے لئے مہنگے داموں بیچنا ریاستی ظلم کی بدترین مثال ہے۔ آئی ایم ایف کی شرمناک شرائط پوری کرنے کے لئے حکومت عوام کا خون چوسنا بند کرے۔ اشیائے ضرورت اور اشیائے خورد و نوش کی پیداواری لاگت میں مسلسل اضافہ نے زراعت، صنععت، تجارت کو تباہ اور روزمرہ گھریلو اخراجات کو چلانا جان لیوا مشقت بنادیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کے دعوے نمائشی ہیں، پنجاب کے عوام بااختیار بلدیاتی نظام سے محروم، کِسان و زراعت حکومتی غلط پالیسی کی وجہ سے تباہی سے دوچار ہیں۔ سرکاری سکولوں کو اونے پونے داموں بیچا جارہا ہے۔ بے روزگار نوجوانوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ اور منشیات کی لَت میں مبتلا ہونے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔