مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہونے والا جماعت اسلامی کا تاریخ ساز اجتماع عام قومی وحدت اور اتحاد امت کا مظہر ہوگا۔ لیاقت بلوچ
11گھنٹے پہلے
							مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہونے والا جماعت اسلامی کا تاریخ ساز اجتماع عام قومی وحدت اور اتحاد امت کا مظہر ہوگا۔ لیاقت بلوچ
	
زندہ دلان لاہور اجتماع میں خود بھی شریک ہوں اور ملک بھر سے آنے والے مہمانوں کی میز بانی بھی کریں۔
	
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا حلقہ لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب
	
	
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ مینار پاکستان پر ہونے والا جماعت اسلامی کا تاریخ ساز اجتماع عام قومی وحدت اور اتحاد امت کا مظہر ہوگا۔ زندہ دلان لاہور اجتماع میں خود بھی شریک ہوں اور ملک بھر سے آنے والے مہمانوں کی میز بانی بھی کریں۔وہ یہاں حلقہ لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی حلف برداری کی تقریب سے کررہے تھے۔ تقریب سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، ضیاء الدین انصاری اور اظہر بلال نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی اور حلقہ لاہور کے قائدین و کارکنان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
	
لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ آئینِ پاکستان کی پاسداری کی ہے۔جماعت اسلامی پُرامن سیاسی، جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔قانون شکنی، انتہا پسندی، سیاسی دینی جماعتوں کے لیے زہر قاتل ہے۔ قوم فرسودہ، کرپٹ نظام کے خاتمے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔جماعت اسلامی کا اجتماعِ عام سیاسی و قومی محاذ پر روشن صبح کی نوید ثابت گا۔کارکنان بڑے پیمانے پر شہریوں کو اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دیں۔اجتماع عام کے انتظامات کے لیے 50 کمیٹیاں دِن رات کام کررہی ہیں۔صوبوں اور حلقوں میں بھی اجتماعِ عام کی انتظامی کمیٹیاں تشکیل پاگئی ہیں۔
	
لیاقت بلوچ نے کہا کہ لاہور تاریخ ساز شہر ہے جس میں جماعت اسلامی کی تشکیل ہوئی اور پہلا اجتماع بھی لاہور میں منعقد ہوا۔جماعت اسلامی کے اب تک دس اجتماع عام لاہور میں منعقد ہوچکے ہیں۔ان اجتماعات میں زندہ دلان لاہور کو اندرون و بیرون ملک سے آنے والی عظیم شخصیات کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا اور جماعت اسلامی کی دعوت بھی پوری دنیا تک پہنچی۔دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کے قائدین جماعت اسلامی کے اجتماعات میں شرکت کرتے رہے ہیں۔21تا 23نومبر کو ہونے والا اجتماع عام بھی عوامی شرکت کے حوالے سے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جماعت اسلامی حلقہ لاہور کے ذمہ داران و کارکنان اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے متعلقہ امور کی انجام دہی پر وقار انداز میں پورا کریں گے۔
		


