امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر امریکہ و اسرائیل کی ایران حملے کے خلاف آبپارہ میں احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا
14گھنٹے پہلے
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر امریکہ و اسرائیل کی ایران حملے کے خلاف آبپارہ میں احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا ۔ امیر جماعت اسلامی اسلام آباد اسلام نصراللہ رندھاو، سیکرٹری جنرل زبیر صفدر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ساجد اقبال چوہدری ، راؤ جاوید اختر سمیت دیگر راہ نما بھی موجود تھے۔ شہر بھر سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ،مظاہرے میں شامل لوگوں نے امریکہ و اسرائیل مخالف پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے اور ایران سے اظہار یکجہتی کے لیے نعرے لگائے۔
احتجاج کے شرکاء سے آبپارہ چوک میں امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ کیا گیا جسے ایران کے ایٹمی پروگرام کے بہانے سے جائز قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ امریکہ کی تاریخ خود ہیروشیما اور ناگاساکی جیسے بدترین واقعات سے جڑی ہوئی ہے، اس لیے ایران پر حملے کا جواز پیش کرنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ صرف ایران پر نہیں بلکہ پورے عالمِ اسلام کے خلاف جارحیت ہے اور اس کے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے۔
انہوں نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کے فیصلے کو واپس لے کیونکہ یہ اب امن کا نہیں بلکہ جنگ کا بورڈ بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ مسلم اُمہ کو متحد کرنے کے لیے کردار ادا کرے تاکہ آئندہ کسی اسلامی ملک پر اس طرح کی جارحیت کی جرات نہ کی جا سکے۔



