News Detail Banner

حکمران غزہ امن بورڈ سے نہ نکلے تو عوامی دباؤ سے نکالنا پڑے گا، حافظ نعیم الرحمن

16گھنٹے پہلے

حکمران غزہ امن بورڈ سے نہ نکلے تو عوامی دباؤ سے نکالنا پڑے گا، حافظ نعیم الرحمن
حکومتی و اپوزیشن پارٹیاں اور حکمران طبقہ مزاحمت کرنے کے لیے تیار نہیں،گلشن معمار میں امریکہ اسرائیل مردہ باد جلسے سے خطاب
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مسترد،وزیر اعظم اعلان کریں کہ کوئی بھی سرکاری افسر 1300 سی سی سے بڑی گاڑی نہیں استعمال کرے گا
جلسے سے امیر جماعت اسلامی ضلع گڈاپ محمد عرفان،صدر پبلک ایڈ کمیٹی گڈاپ ابو ضیائ پرویز و دیگر نے بھی خطاب کیا

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے گلشن معمارمیں جماعت اسلامی ضلع گڈاپ کے تحت امریکہ و اسرائیل مردہ باد جلسہ عام و دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو فوری طور پرغزہ پیس بورڈ سے باہر آجانا چاہیے، اگر حکمران غزہ پیس بورڈ سے باہر نہیں نکلیں گے تو عوامی دباؤ کے ذریعے انہیں نکالنا پڑے گا۔پاکستان میں حکومتی و اپوزیشن پارٹیاں اور حکمران طبقہ مزاحمت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ امریکہ،بھارت اور اسرائیل کا شیطانی اتحاد ہے جس نے مسلمانوں کے خلاف گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے۔ اگر ہم اس وقت بھی مسلکی اختلافات میں لگے رہے تو اسلام اور مسلمانوں کے دشمن اسی طرح ہمیں مارتے رہیں گے، موجودہ ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر ہم سب کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ مل کر اسلام کی دشمن اور طاغوتی طاقتوں کے خلاف جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔پیٹرول کی قیمتوں میں 55روپے اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم کو اعلان کرنا چاہیئے کہ کوئی بھی سرکاری افسر 1300 سی سی سے بڑی گاڑی نہیں استعمال کرے گا۔ جب عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوئی تو اس وقت ہماری حکومت نے پیٹرول کی قیمت کم کیوں نہیں کی، ابھی تو نیا پیٹرول خریدا بھی نہیں گیا لیکن پیٹرول کی قیمت میں ہولناک اضافہ کردیا گیا ہے۔ جلسے سے امیر جماعت اسلامی ضلع گڈاپ محمد عرفان،صدر پبلک ایڈ کمیٹی گڈاپ ابو ضیائ پرویز و دیگر نے بھی خطاب کیا،جبکہ نائب امیر جماعت اسلامی ضلع گڈاپ طارق رحمان نے بین الاقوامی صورتحال پر قرارداد پیش کی۔ جس میں کہا گیا کہ امریکہ کی جانب سے مذاکرات کا ڈھونگ رچا کر حملہ کرناکھلی دہشت گردی ہے، ایران میں معصوم شہریوں جن میں 168 طالبات، ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کو نشانہ بنایا گیا جس میں ان کی 14 ماہ کی نواسی بھی شامل ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ امریکہ نے اسرائیل کو غزہ پر بمباری کے لیے اسلحہ فراہم کیا ایک تقریب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہم نے نیتن یاہو کو اسلحہ فراہم کیا جس کا اس نے بہترین استعمال کیا اور افسوس کہ اسی تقریب میں پاکستان کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام دینے کی باتیں کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بین الاقوامی قوانین کو پامال کرکے اور انسانیت کو کچلتے ہوئے امریکہ و اسرائیل مسلسل غزہ کے بچوں، خواتین اور بزرگوں پر بمباری کر رہے ہیں اور اب ایک بار پھر یہ دونوں ایران پر چڑھ دوڑے ہیں۔امریکہ و اسرائیل کا خیال تھا کہ حملے کے بعد ایران میں رجیم چینج ہو جائے گی لیکن سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے باوجود ایرانی قوم وصبر و استقامات کے ساتھ مقابلہ کررہی ہے۔اسرائیل نے اپنے شہریوں پر پابندی لگادی ہے کہ میزائل گرنے کی کوئی ویڈیو نہ بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک انقلاب کا مہینہ ہے اس مہینے میں قرآن مجید کانزول ہوا ہے۔ قرآن مجید ہمیں اتحاد و یکجہتی اور نفرتیں ختم کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ محمد عرفان نے کہا کہ اسرائیل و امریکہ مذہب کی بنیاد پر اور مل کر مسمانوں کا قتل کررہے ہیں۔ امریکہ نے اسرائیل کے ذریعے غزہ کا 80 فیصد علاقہ تباہ و برباد کردیا اور اب ایران پر حملہ کرکے ایران کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ حماس کے مجاہدین اللہ کے بھروسے پر ڈٹے ہوئے ہیں اور اسرائیل کے خلاف جہاد کررہے ہیں۔ غزہ کے لوگوں نے اپنے بچوں کو قرآن سے جوڑا اور ان کی تربیت کی جس کے نتیجے میں غزہ کے مسلمان مزاحمت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں اور جہنم کی آگ سے نجات کامہینہ ہے۔ قرآن صرف سننے اور سنانے کے لیے نہیں بلکہ اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کو نافذ کرنے اور جہاد کرنے کی تیاری کرنے کا حکم دیتا ہے۔ رمضان المبارک کا مہینہ ہمیں صبر و استقامت اور ایثار و قربانی کا جذبہ سکھاتا ہے۔ 17 رمضان المبارک یوم فرقان کا دن ہے جس میں جنگ بدر ہوئی۔جس میں مسلمانوں کی تعداد 313 اور کفار کی تعداد ہزار سے زائد تھی۔ ابو ضیائ پرویز نے کہا کہ گلشن معمار کھنڈرات کا منظر پیش کرتا جارہا ہے۔یہاں کے عوام کو پینے کے صاف پانی سے محروم کیا جارہاہے۔ گلشن معمار کی آبادی میں تو اضافہ ہورہا ہے لیکن پانی میں کمی کی جارہی ہے۔ 17 سال سے قابض حکومت نے کراچی سمیت سندھ کو تباہ وبرباد کردیا ہے۔ گڈاپ میں بھی پیپلز پارٹی کا ٹاؤن چیئرمین ہے جو کام کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔