News Detail Banner

وزیراعظم بے اختیار، فارم سنتالیس سے آئے حکمرانوں کو عوام کی پرواہ نہیں، حافظ نعیم الرحمن

2گھنٹے پہلے

وزیراعظم بے اختیار، فارم سنتالیس سے آئے حکمرانوں کو عوام کی پرواہ نہیں، حافظ نعیم الرحمن

امریکہ، اسرائیل طاغوت ، شیعہ سنی تفریق پیدا کرنے والے ان کے آلہ کار ہیں

جماعت اسلامی اسٹیبلشمنٹ نہیں عوامی تائید سے اقتدار چاہتی ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا حلقہ خواتین کی تقریب سے خطاب
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم بے اختیار ، فارم سنتالیس سے آئے ہوئے حکمرانوں کو قوم کی پرواہ نہیں، یہ اپنے لیے کروڑوں ، اربوں کی پرتعیش گاڑیاں اور جہاز خرید رہے ہیں ، عوام پر پٹرول بم گرادیا۔ امریکہ، اسرائیل طاغوت ، شیعہ سنی کی تقسیم پیدا کرنے والے ان کے آلہ کار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں دورہ قرآن مکمل کرنے والی مدرسات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی ڈاکٹر حمیرا طارق ، ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ثمینہ سعید، ڈاکٹر زبیدہ جبین ،نازیہ توحید ، عظمیٰ عمران اور دیگر خواتین مقررین نے بھی مدرسات سے خطاب کیا۔ ڈائریکٹر تربیہ اکیڈمی شاہد وارثی نے پریزنٹیشن (Presentation) دی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران عوامی مسائل سے لاتعلق اس لیے ہیں کہ یہ دھاندلی سے آئے ہیں، ان کی وجہ سے ملک مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سینٹ چیئرمین کے لیے نو کروڑ کی گاڑی خریدی گئی اور وزیراعلیٰ پنجاب نے گیارہ ارب کا طیارہ خریدا تو دوسری جانب پٹرول کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچا دیا گیا۔ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں کے لیے عوام کو قربان کررہا ہے۔ عوام ظالم حکمرانوں سے نجات کا حتمی فیصلہ کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوام کی طاقت سے اقتدار میں آنا چاہتی ہے اور اسے کسی اسٹیبلشمنٹ کے سہارے کی ضرورت نہیں۔
عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکہ نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر حملہ کیا ہے، جبکہ خود امریکیوں کو بھی اس جارحیت کے مقاصد کا علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ صیہونی قوتوں کے زیر اثر ہے اور دنیا بھر میں ظلم و جبر کا بازار گرم کیا جا رہا ہے۔ موجودہ حالات میں امت کے اندر فرقہ واریت کو ہوا دینا طاغوتی قوتوں کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہوگا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شیطانی قوتوں کے خلاف متحد ہوکر ان کا مقابلہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو سب سے بڑھ کر قرآن پاک کے بنیادی اصولوں کو سمجھنے اور اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ جب ریاست دین سے خالی ہو جاتی ہے تو مسائل جنم لیتے ہیں اور اگر ہمارا علم قرآن اور دین سے خالی ہو تو اس کا کوئی فائدہ نہیں رہتا۔ انہوں مربوط کورس مرتب کرنے پر حلقہ خواتین اور تربیہ اکیڈمی کو مبارکباد دی اور زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ خواتین تک قرآن کا پیغام پہنچایا جائے تاکہ ان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں انقلاب برپا ہو۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ رمضان المبارک قرآن کا مہینہ ہے اور یہی وہ وقت ہے جب انسان کے دلوں کی گرد صاف ہوتی ہے اور وہ اپنے رب کی طرف رجوع کرتا ہے۔ قرآن محض تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ دلوں کو بدلنے اور معاشرے میں حقیقی انقلاب برپا کرنے کی تحریک ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دین کو سیاست اور ریاست سے الگ کرنے والے دراصل طاغوت کے نمائندے ہیں، جبکہ ایک خدا کو ماننے والے جھوٹے دنیاوی خداؤں کو تسلیم نہیں کرتے۔ قرآن کے مطابق زندگی گزارنے والے انسان کا ہر عمل عبادت بن جاتا ہے اور یہی وہ نظام ہے جو انسانیت کو شیطانی قوتوں سے نجات دلا سکتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جو قوتیں انسانیت کو سبق دینے کا دعویٰ کرتی ہیں، وہ خود ظلم و بربریت میں ملوث ہیں، بچوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور مسلمانوں پر دنیا بھر میں ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔ ایسے شیطانی نظام سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ اسلام کا نظام نافذ کیا جائے اور نئی نسل کی اسلامی خطوط پر تربیت کی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی قرآن کی دعوت کو عام کرے گی اور ایک ایسا نظام قائم کرنے کی جدوجہد جاری رکھے گی جو حقیقی معنوں میں عدل و انصاف پر مبنی ہو اور انسانیت کو ظلم سے نجات دلائے۔