News Detail Banner

عالمی سطح پر تحسین ہورہی ہے تو حکمران ملک میں بھی عوام سے عدل کریں، حافظ نعیم الرحمٰن

6دن پہلے

عالمی سطح پر تحسین ہورہی ہے تو حکمران ملک میں بھی عوام سے عدل کریں، حافظ نعیم الرحمٰن
پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے۔
وڈیرہ اور افسرشاہی پر مبنی نظام کے ہوتے ہوئے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا
پنجاب میں گورننس کا براحال ہے، کسان تباہ، مریم اربوں کے جہاز میں گھوم رہی ہیں

پچیس اپریل سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز ہوگا، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا گجرانوالہ اور منصورہ میں خطاب

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اگر عالمی سطح پر پاکستان کی تحسین ہورہی ہے تو ملک کے اندر بھی ظلم واستحصال کا نظام ختم ہونا چاہیے۔ وڈیروں، جاگیرداروں، افسرشاہی کے تسلط اور بکی ہوئی عدالتوں والے نظام کے ہوتے ہوئے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں فی الفور کمی کی جائے۔ جماعت اسلامی ظلم کے نظام کو ختم کرنے اور عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی، پنجاب میں بڑی طاقت بن کر ابھریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں عوامی کمیٹیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امراء لیاقت بلوچ، ڈاکٹر اسامہ رضی، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری،ڈاکٹر بابر رشید، امیر ضلع مظہر رندھاوا اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ عوامی کمیٹیوں کے ممبران لوگوں میں دعوت کو عام کریں۔ جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی جماعتوں میں واضح فرق ہے، جماعت اسلامی آرٹی ایس بٹھا کر، فارم سنتالیس یا اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے اقتدار نہیں چاہتی، ہم عوامی طاقت سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی پچیس اپریل سے عوامی رابطہ اور ممبرسازی مہم کا آغاز کرے گی، ہر دیہات اور ہر محلے میں عوامی کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ ہم تمام صوبوں میں بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، آئندہ کسی بھی بلدیاتی انتخاب میں جماعت اسلامی سو فیصد نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی عالمی سطح پر پزیرائی اور حکومت کی قیام امن کی کاوشوں کو سراہتی ہے، تاہم جب تک حکمرانوں پر عوام کا اعتماد نہ ہو تو پاکستان حقیقی معنوں میں پاکستان نہیں بن سکتا۔ انہوں نے صوبوں میں گورننس کے مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ایک کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، وزیراعلیٰ اربوں کے جہاز میں گھومتی ہیں جب کہ افسر شاہی مفت پٹرول، مہنگی گاڑیوں کے مزے لے رہی ہے، حکمرانوں کی عیاشیاں جاری ہیں، عام آدمی فی لٹر پٹرول پر دوسو کے قریب ٹیکس دیتا ہے، آئی پی پیز بجلی نہ بنانے کا بھی اربوں روپے وصول کررہی ہیں، عدالتوں میں عوام کو انصاف نہیں ملتا، کسان بے حال ہے، ستر اسی لاکھ نوجوان نشے کی لت میں مبتلا ہیں۔ استحصال پر مبنی اس نظام کے ہوتے ہوئے ملک آگے نہیں بڑھے گا۔ عوامی کمیٹیوں کے ممبران عوام کو بتائیں کہ ان پر سات دہائیوں سے مسلط اشرافیہ ملک و قوم کی خیر خواہ نہیں ہے۔
قبل ازیں امیر جماعت اسلامی نے منصورہ کی جامع مسجد میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں پر واضح کیا کہ اسلام کا نظام ہی مسائل کا حل ہے، سامراج کے خلاف اور عدل وانصاف پر مبنی معاشرہ کے قیام کی جدوجہد کرنے والوں کو مسلط اشرافیہ کی طرف بڑی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ٹرمپ نعوذباللہ خدا کے لہجے میں بات کررہا تھا، امریکہ اور اسرائیل کو زعم تھا کہ وہ ایران میں حکومت کا تختہ الٹ دیں گے، ایرانی قیادت کی جڑیں عوام میں ہیں، قوم متحد ہے، اس لیے انہوں نے ڈٹ کر استعمار کا مقابلہ کیا، جماعت اسلامی ایرانیوں کی جرآت کو سلام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے اقدامات کے نتیجہ میں امریکی عوام ہی اس کی مخالف ہوگئی، امریکیوں کو سمجھ آنا شروع ہوگئی ہے کہ امریکہ میں جمہوریت محض دکھاوے کی ہے، واشنگٹن دراصل اسرائیل کے ہاتھوں یرغمال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام میں موجود ٹرمپ اور استعمار کے کارندے موجودہ حالات میں غلط فہمیاں پیدا کرکے امت کو شیعہ سنی کی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں، یہ سارے امت کے دشمن ہیں۔ جماعت اسلامی مسلکوں کی بنیاد پر دکانداری نہیں کرتی، ہم دین کا حقیقی پیغام عام کررہے ہیں، جماعت اسلامی انسانوں کو انسانوں کی غلامی کے نظام سے نجات دلانا چاہتی ہے۔
جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نبی اکرم کو جدوجہد کرنے کے دوران اس وقت کے سامراج کی طرف سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، موجودہ دور میں بھی یہ جدوجہد آسان نہیں ہے، اسلامی نظام کے بارے میں کنفیوژن پھیلائی جاتی ہے، مسلکوں اور دیگر تعصبات پر امت کو تقسیم کیا جاتا ہے، انسانوں پر مسلط انسان خدانخواستہ اپنے آپ کو خدا سمجھ بیٹھے ہیں، ایسے خداؤں کی تابعداری کرنا اور سامراج کو تسلیم کرنا ہی دراصل شرک ہے۔