حکومت زکوٰۃ کے مستحق اور حق دار غریب عوام سے بھی ہر لٹر پٹرول پر 117 روپے لیوی وصول کر رہی ہے، حافظ نعیم الرحمان
1دن پہلے
پٹرولیم لیوی غریب عوام کا معاشی قتل ہے، عدالت فوری مداخلت کرے: حافظ نعیم الرحمان
لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت زکوٰۃ کے مستحق اور حق دار غریب عوام سے بھی ہر لیٹر پٹرول پر 117 روپے پٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے، جو ظلم کی انتہا اور عوام کا معاشی قتل ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ محدود تنخواہ دار طبقے کے لیے ماہانہ اخراجات پورے کرنا ناممکن ہو چکا ہے، جبکہ عوام سے اذیت ناک انداز میں ٹیکس وصول کیے جا رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کے مطابق صرف رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران 1200 ارب روپے سے زائد پٹرولیم لیوی وصول کی جا چکی ہے، جبکہ 30 جون تک یہ رقم بڑھ کر 1700 ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کو آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے اور عدالت کو آئینی حدود سے متجاوز اس لیوی کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ عوام پر ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے حکومت پٹرولیم لیوی میں کمی کرے اور معاشی ریلیف کے عملی اقدامات اٹھائے۔



